
سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس
سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر مرکزی حکومت نے گجرات ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس سنیتا اگروال، دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اپریش کمار سنگھ کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ صدر جمہوریہ نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت سے مشاورت کے بعد تینوں چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا ہے۔
یہ تقرریاں سپریم کورٹ کالجیم کی جانب سے تینوں چیف جسٹس کو عدالت عظمیٰ میں ترقی دینے کی سفارش کے چند دن بعد ہوئی ہیں۔ سپریم کورٹ کالجیم نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ’’28 ستمبر 2026 کو ہوئی میٹنگ میں سپریم کورٹ کالجیم نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی ہے۔‘‘ کالجیم نے گجرات ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس سنیتا اگروال کے نام کی سفارش کی تھی، جن کا اصل ہائی کورٹ الہٰ آباد ہے۔ اس کے علاوہ دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے کے نام کی بھی سفارش کی گئی تھی، ان کا اصل ہائی کورٹ بھی الٰہ آباد ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اپریش کمار سنگھ کا اصل ہائی کورٹ جھارکھنڈ ہے۔
جسٹس سنیتا اگروال کی پیدائش 30 اپریل 1966 کو ہوئی تھی۔ انہیں 21 نومبر 2011 کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ 23 جولائی 2023 کو گجرات ہائی کورٹ کی چیف جسٹس بنیں۔ جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے کی پیدائش 16 جون 1965 کو ہوئی تھی۔ انہیں 21 نومبر 2011 کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا اور 6 اگست 2013 کو وہ مستقل جج بنے۔ وہ 28 مارچ 2023 کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے سینئر جج بنے۔ اس کے بعد انہیں بامبے ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا اور انہوں نے 29 جولائی 2023 کو حلف لیا۔ بعد میں ان کا تبادلہ دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر کیا گیا، جہاں انہوں نے 21 جنوری 2025 کو عہدے کا حلف لیا تھا۔
جسٹس اپریش کمار سنگھ کی پیدائش 7 جولائی 1965 کو ہوئی تھی۔ انہیں 24 جنوری 2012 کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا اور 16 جنوری 2014 کو وہ مستقل جج بنے تھے۔ وہ 20 دسمبر 2022 سے 19 فروری 2023 تک جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس رہے۔ اس کے بعد انہوں نے 17 اپریل 2023 کو تریپورہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ بعد میں ان کا تبادلہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر کیا گیا، جہاں انہوں نے 19 جولائی 2025 کو حلف لیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ تینوں ججوں کی تقرری سے سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ مرکزی حکومت نے رواں سال کے آغاز میں سپریم کورٹ میں ججوں کی منظور شدہ تعداد بڑھا کر چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ 37 کر دی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔