قومی خبریں

کلکتہ ہائی کورٹ نے ممتا بنرجی کو ٹی ایم سی کے منجمد اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کی دی اجازت، لیکن شرطیں بھی عائد

عدالتی حکم کے مطابق پارٹی کے تینوں بینک کھاتوں کے 2 مجاز دستخط کنندگان اسپیشل آفیسر کے سامنے چیک پیش کریں گے۔ ان کی منظوری کے بعد متعلقہ چیک بینک حکام کو ادا کرنے کے لیے بھیجے جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>

ممتا بنرجی / آئی اے این ایس

 

کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کو بڑی راحت دیتے ہوئے پارٹی کے منجمد کیے گئے 3 بینک اکاؤنٹس سے روزمرہ کے اخراجات کے لیے رقم نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے اس عمل کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی افسر (اسپیشل آفیسر) بھی مقرر کیا ہے، جو 30 ستمبر 2026 تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ یہ تینوں بینک اکاؤنٹس 18 جون کو بدھان نگر پولیس کمشنریٹ کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں درج ایک شکایت کے بعد منجمد کر دیے گئے تھے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر جرم سے حاصل ہونے والی رقم رکھی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران احتیاطی اقدام کے طور پر ان پر لین دین روک دیا تھا۔

عدالت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس سبرت تعلقدار کو اسپیشل آفیسر مقرر کیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق پارٹی کے تینوں بینک کھاتوں کے 2 مجاز دستخط کنندگان اسپیشل آفیسر کے سامنے چیک پیش کریں گے۔ ان کی منظوری کے بعد متعلقہ چیک بینک حکام کو ادا کرنے کے لیے بھیجے جائیں گے، تاکہ پارٹی کے روزمرہ کے انتظامی اور قانونی اخراجات پورے کیے جا سکیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ سیاسی پارٹی کے معمول کے انتظامی امور چلانے کے لیے بینک اکاؤنٹس کو محدود پیمانے پر استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم یہ اجازت صرف روزمرہ کے اخراجات تک محدود ہوگی اور اس پر اسپیشل آفیسر کی نگرانی برقرار رہے گی۔ ہائی کورٹ نے ٹی ایم سی کو اپنے قانونی اخراجات ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اسپیشل آفیسر کے ماہانہ 1.25 لاکھ روپے اعزازیے کی ادائیگی کے لیے بھی متعلقہ بینک کھاتوں سے لین دین کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے بینک حکام کو ہدایت دی ہے کہ تینوں اکاؤنٹس سے متعلق تمام الیکٹرانک ریکارڈ، بینکنگ ڈاٹا اور دیگر دستاویزات کو محفوظ رکھا جائے اور جاری پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے، تاکہ تفتیش کسی رکاوٹ کے بغیر آگے بڑھ سکے۔

عدالت کے اس فیصلے سے ممتا بنرجی کی قیادت والے ٹی ایم سی گروپ کو وقتی راحت مل گئی ہے۔ تاہم بینک اکاؤنٹس سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی پولیس تحقیقات بدستور جاری رہیں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔