قومی خبریں

ممبئی میں میئر اور بی ایم سی کمشنر کو بم سے اڑانے کی دھمکی، پونے کی عدالت بھی نشانے پر

مہاراشٹر میں بم دھماکوں کی دھمکیوں سے سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں۔ ممبئی کی میئر، بی ایم سی کمشنر، کئی اہم مقامات اور پونے کی شیواجی نگر عدالت کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

 

مہاراشٹر میں بم دھماکوں کی دھمکیوں کے مسلسل سامنے آنے والے واقعات نے سکیورٹی ایجنسیوں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ ممبئی میں میئر ریتو تاوڈے اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی کمشنر اشونی بھیڑے کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ اس میں میئر کے دفتر سمیت شہر کے کئی اہم مقامات کو بم سے اڑانے کی وارننگ دی گئی ہے۔ دوسری جانب پونے کے شیواجی نگر میں واقع ضلع و سیشن عدالت کو بھی بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس اور سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں۔

ممبئی میں جمعرات کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز ای میل میں میئر ریتو تاوڈے کے دفتر کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی ہے۔ ای میل میں شہر کے کئی عوامی مقامات پر دھماکہ خیز مواد نصب کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں مہالکشمی، سائنس اور آچاریہ میٹرو اسٹیشنوں کے علاوہ جوہو میں واقع اداکار امیتابھ بچن کا بنگلہ ’جلسہ‘ بھی شامل ہے۔

دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں نے متعلقہ مقامات پر تلاشی اور جانچ شروع کردی ہے۔ بی ایم سی کے دفاتر اور میٹرو اسٹیشنوں کی سکیورٹی بھی بڑھائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں سال ممبئی کی میئر کے دفتر کو اس طرح کی دھمکی پانچویں مرتبہ موصول ہوئی ہے۔

دوسری جانب پونے میں شیواجی نگر واقع ضلع و سیشن عدالت کو بھی ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی عدالت کے احاطے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ڈی ایس) کی ٹیم موقع پر پہنچی اور پورے احاطے کی تلاشی شروع کردی۔ احتیاطی طور پر عدالت کے احاطے کو خالی کرانے اور سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی کارروائی بھی کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق شیواجی نگر عدالت کو نومبر میں اس سے پہلے بھی بم کی دھمکی مل چکی ہے۔ 2 نومبر کو موصول ہونے والی دھمکی جانچ کے بعد فرضی ثابت ہوئی تھی، جبکہ 23 نومبر کو بھی اسی عدالت کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا تھا، جس کے بعد احاطے کی تلاشی لی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل ہنّا مائر کے نام سے بنائی گئی جی میل آئی ڈی سے بھیجا گیا ہے۔ اس میں مبینہ طور پر ’خالصتان نیشنل آرمی‘ اور ’ببر خالصہ (پرمارت-کینیڈا)‘ جیسی تنظیموں کے ناموں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ای میل میں کچھ لوگوں کے نام اور پتے بھی درج ہیں۔ اس کے علاوہ مبینہ خالصتانی نعرے اور ممبئی میں گرینیڈ حملے کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ای میل میں بی ایم سی کے دفاتر اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی بات بھی کہی گئی ہے۔

اس دھمکی آمیز ای میل میں پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر ان کے ممبئی کنسرٹ کے دن حملہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے بعد کنسرٹ کے مقام کی سکیورٹی کو لے کر بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔

فی الحال پولیس ای میل کی صداقت، اسے بھیجنے والے کی شناخت اور دھمکی کے پیچھے کی اصل وجہ کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔ حکام کی جانب سے ای میل میں ذکر کیے گئے تمام حساس مقامات پر احتیاطی طور پر سکیورٹی انتظامات سخت کیے جارہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔