
اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر انتخابی دھاندلی اور ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے بوتھوں پر چوکس رہیں، کیونکہ ان کے بقول بی جے پی فرضی ووٹ بنواتی ہے اور مخالف جماعتوں کے حقیقی ووٹ کٹواتی ہے۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش کے عوام بی جے پی حکومت کی بدانتظامی سے تنگ آچکے ہیں اور 2027 کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار کی تبدیلی کا عزم کرچکے ہیں۔
اکھلیش یادو نے اتوار کو سماجوادی پارٹی کے ریاستی دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرضی ووٹوں اور دھاندلی کو اپنی طاقت سمجھتی ہے۔ انتخابات جیتنے کے لیے وہ مختلف حربے استعمال کرتی ہے اور قانون و آئین کی پروا نہیں کرتی۔ انہوں نے کارکنوں سے ووٹوں کی مبینہ چوری اور چندے کی چوری کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
ایس پی سربراہ نے ریاستی حکومت پر مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی، ناانصافی اور ظلم و زیادتی کے معاملات پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کی جماعت قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی سرپرستی میں غریبوں، بے سہارا افراد اور سرکاری زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔ انصاف کی فریاد لے کر جانے والوں کو ہی مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے اور پولیس بااثر افراد کا ساتھ دیتی ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں پر مشتمل پی ڈی اے اتحاد متحد ہے، جس سے بی جے پی پریشان ہے۔ ان کے مطابق، موجودہ حکومت میں اس طبقے کو انصاف نہیں مل رہا ہے۔ تعلیمی نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دس برسوں میں 26 ہزار سے زیادہ پرائمری اسکول بند کردیے گئے، جبکہ شراب کی دکانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے میں بھی حکومت کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ اتر پردیش میں سب سے زیادہ پرچے لیک ہوئے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں، نوجوانوں، اساتذہ اور طلبہ کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام 2027 کے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کردیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔