ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے
ویڈیو گریب
پارلیمنٹ میں دھکا مُکی والے تنازعہ کے بعد کانگریس نے آج پریس کانفرنس کر حقیقت میڈیا کے سامنے رکھی۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، جئے رام رمیش اور کے سی وینوگوپال جیسے سرکردہ پارٹی لیڈران موجود تھے۔
Published: undefined
آئین پر بحث کے دوران راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر پر حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’حکومت، خاص طور سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ جو بھی بیان ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بارے میں دے رہے ہیں، وہ بہت افسوسناک ہے اور انھوں نے (امت شاہ) کل سچائی کو جانے بغیر ہی پریس کانفرنس کو خطاب کر دیا۔ جواہر لال نہرو اور ڈاکٹر امبیڈکر کو گالی دینے سے پہلے انھیں حقیقت کا پتہ کرنا چاہیے تھا۔‘‘
Published: undefined
کھڑگے نے پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’امبیڈکر پر بیان بازی بہت افسوسناک ہے۔ بی جے پی نے نہرو-امبیڈکر کے تعلق سے صرف جھوٹ بولا ہے اور ان کی بے عزتی کی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ اپنی غلطی کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہیے اور ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
Published: undefined
پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئی دھکا مُکی معاملہ پر کھڑگے نے کہا کہ ’’ہم پارلیمنٹ میں ہر روز احتجاجی مظاہرہ کرتے تھے، کبھی تشدد نہیں ہوا۔ آج بھی ہم لوگ پرامن مظاہرہ کر رہے تھے۔ ہمیں ’مکر دوار‘ پر روکا گیا۔ اس دوران ہمارے اوپر حملہ کیا گیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے مجھے دھکا دیا۔ ہماری خاتون اراکین پارلیمنٹ کو بھی دھکا دیا گیا۔ وہ لوگ ہمارا مذاق اڑا رہے تھے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ عزم ظاہر کیا کہ ہم اس معاملے میں اب ملک گیر مظاہرہ کریں گے۔
Published: undefined
اس پریس کانفرنس سے راہل گاندھی نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بابا صاحب امبیڈکر کی بے عزتی کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس معاملے میں ملک سے معافی مانگیں اور مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے پارلیمنٹ میں اڈانی کے معاملے پر بحث کو روکنے کی کوشش کی۔ بی جے پی شروع سے ہی اس معاملے سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اب وزیر داخلہ کا امبیڈکر کو لے کر دیا گیا بیان اسی کوشش کا نتیجہ ہے۔
Published: undefined
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی سوچ امبیڈکر مخالف ہے۔ آج پھر بی جے پی نے اصل ایشو سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی کوشش کی۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے میڈیا کے سامنے آج پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئی دھکا مُکی پر بھی اپنی بات رکھی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم آج پارلیمنٹ میں جا رہے تھے تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر بی جے پی اراکین پارلیمنٹ ڈنڈے لے کر کھڑے تھے۔ وہ ہمیں اندر نہیں جانے دے رہے تھے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
ویڈیو گریب