قومی خبریں

’بہار بند‘ کا کئی اضلاع میں اثر، سمستی پور اور سیوان میں ٹریفک نظام متاثر، پٹنہ سمیت پوری ریاست میں سیکورٹی سخت

ہفتہ کے روز ’بہار بند‘ کے پیش نظر پٹنہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پٹنہ کے ’انکم ٹیکس گولمبر‘ کے قریب بڑی تعداد میں نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>بہار بند کے دوران پولیس اہلکار متحرک۔ آئی اے این ایس</p></div>

بہار بند کے دوران پولیس اہلکار متحرک۔ آئی اے این ایس

 

پٹنہ، بائیں بازو کی جماعتوں کی طلباء تنظیموں کی جانب سے ’بہار بند‘ کی ہفتہ کے روز کال دی گئی۔ جس کا ریاست کے مختلف حصوں میں اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سمستی پور اور سیوان میں مظاہرین نے سڑکیں جام کر دیں۔ اس دوران جلوس نکالے گئے اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ تاہم پٹنہ سے لے کر جہان آباد تک پولیس نے ’بہار بند‘ کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے سمستی پور میں ہفتہ کی صبح ’آئیسا‘ اور ’آر وائی اے‘ کے کارکنان سڑکوں پر اتر آئے اور راستے جام کر دیے۔ مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

آئیسا سے وابستہ ایک کارکن نے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت نے طلبہ کو لاٹھیوں کے زور پر کچلنے کی کوشش کی ہے۔ اسی کے خلاف سمستی پور اور بہار کے دیگر اضلاع میں چکہ جام کیا جا رہا ہے۔ ہماری سب سے اپیل ہے کہ وہ بہار بند کی حمایت کریں اور دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کو مضبوط کریں۔‘‘ آئیسا کے ضلع سکریٹری سنیل کمار نے کہا کہ ’’جس طرح طلبہ پر ظلم کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، اس کے خلاف آج ’بہار بند‘ ہے۔ مرکزی حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے فوری استعفیٰ لیا جائے اور طلبہ کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لیے جائیں۔‘‘ سیوان میں بھی بائیں بازو کی جماعتوں، خصوصاً کمیونسٹ پارٹی (مالے)  کے کارکنوں نے بند کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جلوس نکالے گئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس نظر آئی۔ خود سیوان کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پورن کمار جھا نے محاذ سنبھالا اور پولیس فورس کے ساتھ مسلسل شہر کا جائزہ لیتے رہے۔ ہفتہ کے روز ’بہار بند‘ کے پیش نظر پٹنہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پٹنہ کے ’انکم ٹیکس گولمبر‘ کے قریب بڑی تعداد میں نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ اس کے علاوہ جہان آباد میں بھی مظاہروں کے پیش نظر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔ بڑی تعداد میں سڑکوں پر پولیس فورس تعینات کی گئی۔ ڈی ایم کی رہائش، ریلوے لائن اور شہر کے مختلف حصوں میں پولیس اہلکاروں نے فلیگ مارچ کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔