قومی خبریں

بنگال: ’بسلیری‘ پانی میں پایا گیا خطرناک بیکٹیریا، ایک بیچ کی فروخت پر روک!

فوڈ سیفٹی محکمہ کی ٹیم نے جولائی 2026 میں مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع میں واقع ’بسلیری‘ پلانٹ (گاؤں تیلی پاڑا، پن کوڈ 735133) سے پانی کا نمونہ جانچ کے لیے لیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>بسلیری، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

بسلیری، تصویر سوشل میڈیا

 

ملک کے سب سے بڑے پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر برانڈز میں سے ایک ’بسلیری‘ کے معیار کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کی جانچ میں بسلیری کے پانی کے ایک نمونے میں ’کولی فارم بیکٹیریا‘ پایا گیا ہے۔ 2 الگ الگ لیبارٹریوں میں اس کی تصدیق کے بعد محکمہ نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے متعلقہ بیچ کی فروخت پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر سرکاری ذرائع کے حوالے سے شائع ایک رپورٹ کے مطابق فوڈ سیفٹی محکمہ کی ٹیم نے جولائی 2026 میں مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع میں واقع بسلیری کے پلانٹ (گاؤں تیلی پاڑا، پن کوڈ 735133) سے پانی کا یہ نمونہ جانچ کے لیے لیا تھا۔ ابتدائی لیبارٹری کی جانچ میں نمونہ ناکام ہونے کے بعد اسے ریفرل لیبارٹری بھیجا گیا تھا۔ ریفرل لیبارٹری نے بھی اپنی رپورٹ میں پانی میں کولی فارم بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

جانچ رپورٹ سامنے آنے کے بعد 12 اگست 2026 کو اس مخصوص بیچ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اب غذائی تحفظ کے معیار کی خلاف ورزی کے معاملے میں بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری بھی جاری کر دی گئی ہے۔

متاثرہ بیچ کی تفصیلات

بیچ نمبر: پی بی 201

تیاری کی تاریخ: 20.7.2026

آخری تاریخ استعمال (ایکسپائری ڈیٹ): 19.01.2027

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔