قومی خبریں

14 اگست: ’یومِ ہولناکیٔ تقسیم‘ پر جذباتی ہوئے پی ایم مودی، کہا ’خاندان اجڑ گئے، شدید تکلیف برداشت کی‘

پی ایم مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آج ہم ان تمام لوگوں کی ہمت کو یاد کرتے ہیں جو تقسیم سے متاثر ہوئے تھے۔ یہ تاریخ کا وہ دور تھا جس نے کئی زندگیاں تباہ کر دیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p> پی ایم مودی، ویڈیو گریب</p></div>

پی ایم مودی، ویڈیو گریب

 

پی ایم مودی ہر سال 14 اگست کو ’یومِ ہولناکیٔ تقسیم‘ یعنی تقسیم ہندوستان کی ہولناکی کو یاد کرنے والا دن مناتے ہیں۔ اس روز 1947 میں ہندوستان اور پاکستان کی تقسیم کے درد اور اس میں جان گنوانے والے لوگوں کو یاد کیا جاتا ہے۔ آج انہیں یاد کرتے ہوئے پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے۔

پی ایم مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آج ہم ’تقسیم کی ہولناکی کی یاد کا دن‘ منا رہے ہیں۔ ہم ان تمام لوگوں کی ہمت کو یاد کرتے ہیں جو تقسیم سے متاثر ہوئے تھے۔ یہ تاریخ کا وہ دور تھا جس نے کئی زندگیاں تباہ کر دیں، خاندان اجڑ گئے، لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا اور شدید تکلیف برداشت کی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ان مشکلات سے ابھرتے ہوئے لوگوں نے صفر سے اپنی زندگی دوبارہ بنائی، چیلنجوں کو کامیابی میں بدلا اور ملک کی ترقی میں بڑا تعاون دیا۔ ان کے زندگی کے سفر ہمیں انسانی جذبے کی طاقت کی یاد دلاتے ہیں۔‘‘

پی ایم مودی نے اس موقع پر دعا کی کہ یہ دن (یومِ ہولناکیٔ تقسیم) ہمارے ملک میں باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرے اور ہم سب مل کر ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کی تعمیر کی سمت میں کام کریں۔ ایک دیگر پوسٹ میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’’تقسیم کی ہولناکی کی یاد کے دن ان تمام ہم وطنوں کو دل سے سلام، جنہوں نے اس بھیانک دور سے نکل کر ملک کی ترقی میں انمول تعاون دیا۔ انہوں نے اپنی ہمت اور صلاحیت سے دکھایا کہ کس طرح ناموافق حالات میں بھی عزم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاتا ہے۔‘‘ آخر میں وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’آئیے، خیرسگالی اور اتحاد کے قومی جذبے کو مزید مضبوط کریں۔‘‘

اس موقع پر پی ایم مودی نے ’سنسکرت سُبھاشیتم‘ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے سنسکرت میں کچھ الفاظ پیش کرنے کے بعد لکھا کہ ’سنسکرت سُبھاشیتم‘ میں کہا گیا ہے کہ محنت، کوشش اور مردانگی سے ہی مختلف فنون، سائنس، تکنیکی مہارت، دستکاری اور اختراعات ترقی کرتی ہیں اور کامیابی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ اس لیے انسان کو قسمت کے بھروسے نہیں بیٹھنا چاہیے بلکہ ہمت، محنت اور مسلسل کوشش کے ساتھ اپنے مقصد کی جانب بڑھتے رہنا چاہیے کیونکہ مردانگی ہی قسمت کی خالق ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔