
تصویر بشکریہ ایکس
آسام کے جورہاٹ ایئرفورس اسٹیشن پر پیش آنے والے اے این-32 طیارہ حادثے میں ہندوستانی فضائیہ کے پانچ اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ فضائیہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حادثے میں ایک پائلٹ زندہ بچ گیا، جس کا علاج جاری ہے۔
Published: undefined
ہندوستانی فضائیہ کے مطابق معمول کی پرواز کے دوران آج تقریباً صبح 10 بجے آسام کے جورہاٹ میں ایک اے این-32 طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ فضائیہ نے کہا ہے کہ جائے حادثہ پر انتظامی اور ابتدائی تحقیقاتی کارروائیاں جاری ہیں اور ابتدائی نتائج سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
بعد ازاں جاری ایک اور بیان میں فضائیہ نے بتایا کہ حادثے میں اسکواڈرن لیڈر پرشانت سنگھ، فلائٹ لیفٹیننٹ شُبھم کمار، سارجنٹ جتیندر شرما، اگنی ویر وایو کھیمارام کماوت اور اگنی ویر وایو دانش عالم نے دورانِ ڈیوٹی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ فضائیہ نے کہا کہ وہ اس المناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔
Published: undefined
حادثہ اس وقت پیش آیا جب 43 اسکواڈرن کا اے این-32 طیارہ جورہاٹ کے رووریا علاقے میں واقع ایئرفورس اسٹیشن پر لینڈنگ کر رہا تھا۔ طیارہ سامان لے جا رہا تھا اور لینڈنگ کے دوران اچانک حادثے کا شکار ہوگیا۔ واقعے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔ جائے حادثہ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور بعض مناظر میں یہ دو حصوں میں بٹا ہوا نظر آتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ اروناچل پردیش سے جورہاٹ آ رہا تھا۔ جورہاٹ ایئربیس شمال مشرقی خطے میں تزویراتی اعتبار سے اہم سمجھا جاتا ہے اور فوجی رسد، نقل و حمل اور آپریشنل سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
Published: undefined
فضائیہ نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم طیارے کی تکنیکی حالت، لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حالات اور دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آسکیں گی۔
اے این-32 طیارہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہندوستانی فضائیہ کے نقل و حمل کے بیڑے کا اہم حصہ رہا ہے۔ جورہاٹ کا یہ حادثہ فضائیہ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پانچ اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی دی جبکہ حادثے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
ali