
ایشین پیرا گیمز 2026، مونا اگروال اور اونی لیکھرا، تصویر/آئی اے این ایس
ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہندوستان نے پہلا طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔ خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں مونا اگروال نے شاندار واپسی کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مونا نے فائنل میں 250 کا اسکور کر کے طلائی تمغہ جیتا۔ اس ایونٹ میں ہندوستان کو دوہری خوشی ملی، کیونکہ ہندوستان کی اونی لیکھرا نے بھی چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ اونی کا اسکور 249.6 رہا۔
اس سے قبل مونا اگروال کوالیفکیشن راؤنڈ میں بھی سرفہرست رہی تھیں۔ انہوں نے کوالیفکیشن میں 629.1 کا اسکور کر کے ایشین پیرا گیمز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ دسری جانب کوالیفکیشن میں اونی لیکھرا دوسرے مقام پر رہی تھیں۔ ہندوستانی شوٹرز نے کوالیفکیشن جیسی کارکردگی فائنل میں بھی دہرائی اور سونے کے ساتھ چاندی کا تمغہ بھی اپنے نام کیا۔ مونا اگروال کے لیے یہ طلائی تمغہ تاریخی ہے، کیونکہ اسٹیج 2 سیریز 2 کے بعد وہ پانچویں مقام پر چل رہی تھیں۔ اونی لیکھرا شروع سے ہی اچھی لے میں تھیں۔ لیکن آخری چند شاٹس میں مونا اگروال نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 250 کا اسکور کیا اور طلائی تمغہ جیت لیا۔ مونا اور اونی، دونوں نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہندوستان کو پہلا طلائی تمغہ دلانے والی مونا اگروال کی پیدائش راجستھان کے سیکر میں ہوئی تھی۔ وہ صرف 9 ماہ کی عمر میں پولیو کا شکار ہو گئی تھیں۔ اس بیماری نے ان کی دونوں ٹانگوں کو متاثر کیا۔ پیرا شوٹنگ میں آنے سے پہلے مونا نے پیرا ایتھلیٹکس، پیرا پاور لفٹنگ اور خواتین کی سٹنگ والی بال میں بھی قسمت آزمائی تھی۔ مونا اگروال 2024 کے پیرالمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیت چکی ہیں اور اسی سال پیرا شوٹنگ ورلڈ چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت کر آئی ہیں۔ دوسری جانب اونی لیکھرا 2020 کے ٹوکیو اور 2024 کے پیرس پیرالمپکس میں طلائی تمغے جیت چکی ہیں۔ اولمپک چمپئن اونی کو اس بار اپنی ہم وطن شوٹر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔