
فائل تصویر آئی اے این ایس
کانگریس ہائی کمان نے رام پور خاص حلقہ سے رکن اسمبلی آرادھنا مشرا کو یوپی کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اجے رائے کو اس عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ جمعہ یعنی کل کانگریس صدر نے فوری اثر سے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے عہدیداروں کا تقرر کیا۔ عمران مسعود کو قائم مقام صدر جبکہ دیویندر نشاد اور آلوک پرساد کو سینئر نائب صدور کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
پارٹی نے اجے رائے کے تعاون کی تعریف کی۔ مزید برآں، کانگریس صدر نے چودھری وریندر سنگھ کو اتر پردیش میں کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کا لیڈر مقرر کرنے کی تجویز کو بھی فوری اثر سے منظوری دی۔ یہ تقرریاں اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے ہوئی ہیں۔
یہ تقرری صاف ظاہر کرتی ہے کہ کانگریس نچلے متوسط طبقے کی آبادی اور برہمن ووٹوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ آرادھنا مشرا راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کی بیٹی ہیں۔ پرمود تیواری کا شمار اتر پردیش کے برہمن لیڈروں میں ہوتا ہے۔ آرادھنا یوپی کانگریس کی ایک اہم خاتون شخصیت ہیں۔ وہ یوپی اسمبلی میں کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کی لیڈر ہیں۔ اس نے الہ آباد یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور ایم بی اے بھی کیا۔ وہ مسلسل تین بار رام پور خاص حلقے سے ایم ایل اے رہی ہیں۔
معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آرادھنا کی نامزدگی کو اجے رائے کی راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے بدھ کو اجے رائے سے ملاقات کی۔ اجے رائے کا تعلق بھومی ہار ذات سے ہے، اور اس برادری کے اتر پردیش میں زیادہ ووٹر نہیں ہیں۔ انتخابات سے پہلے سماجی صف بندی کو برقرار رکھنا ہر پارٹی کے لیے بہت ضروری ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔