
ایپل، تصویر، آئی اے این ایس
عالمی شہرت یافتہ کمپنی ’ایپل‘ نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ 10 دسمبر کو حیدرآباد میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور کھولے گا۔ اس کے ذریعے کمپنی کی کوشش ہندوستان میں اپنے فزیکل ریٹیل نیٹ ورک کو وسعت دینا ہے، اور ملک میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیکنالوجی مراکز میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کی ہے۔ لیک شور-وائی جنکشن مال میں واقع نیا آؤٹ لیٹ ’ایپل کوکٹ پلی‘ ہندوستان میں کمپنی کا ساتواں ریٹیل اسٹور اور تلنگانہ کا پہلا اسٹور ہوگا۔
کمپنی نے کہا کہ اس اسٹور کا افتتاح ہندوستان میں ایپل کی توسیع کے پیش نظر اہم ہے، اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں صارفین کو ایپل کی مصنوعات کی مکمل رینج، خدمات، تکنیکی معاونت اور اسٹور میں منعقد ہونے والے تعلیمی سیشنز سے استفادے کا موقع ملے گا۔ آئی فون بنانے والی کمپنی نے اسٹور کے بیرونی ڈیزائن کی بھی رونمائی کی ہے۔ اس میں قوس قزح کے پس منظر پر موتی سے متاثر ایپل کا لوگو لگایا گیا ہے، جو ’موتیوں کے شہر‘ (سٹی آف پرلز) کے طور پر حیدرآباد کی دیرینہ شناخت کو ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ ہندوستان میں اس کے کاروباری آپریشنز کے لحاظ سے حیدرآباد خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ شہر میں پہلے ہی ایپل کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (آر اینڈ ڈی) اور ریٹیل کسٹمر کیئر ٹیمیں موجود ہیں۔ آئندہ کھلنے والے اسٹور میں ایپل کے جدید ترین آلات اور خدمات کی رینج پیش کی جائے گی۔ یہاں ماہرین، تکنیکی جانکاروں اور مخصوص بزنس ٹیموں کے ذریعے صارفین کی مدد بھی کی جائے گی۔ صارفین کمپنی کے ’ٹوڈے ایٹ ایپل‘ پروگرام میں بھی حصہ لے سکیں گے۔ اس کے تحت فوٹوگرافی، ویڈیو سازی، ڈرائنگ اور آلات کے استعمال سے متعلق مفت سیشنز منعقد کیے جاتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ایپل ممبئی، دہلی-این سی آر، بنگلورو اور پونے میں اپنے موجودہ اسٹورز کے علاوہ ریٹیل نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گی۔ کمپنی نے کہا کہ نیا اسٹور ہندوستانی بازار کے تئیں اس کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کمپنی فزیکل ریٹیل اسٹورز، آن لائن فروخت کے ذرائع اور صارفین کی معاونت کی خدمات کے ذریعے صارفین کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ اسٹور کے افتتاح سے قبل ایپل نے حیدرآباد کی تھیم پر مبنی ڈیجیٹل مواد بھی جاری کیا ہے۔ اس میں خصوصی وال پیپرز، اسٹیکرز اور شہر کی ثقافت پر مبنی موسیقی کی ایک خاص پلے لسٹ شامل ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ ایپل کوکٹ پلی 10 دسمبر کو شام 5 بجے صارفین کے لیے کھل جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔