قومی خبریں

اے ایم یو: اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام ہفت روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد

پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ ’’عہد حاضر میں یہ ممکن ہی نہیں کہ جدید تدریسی معلومات حاصل کیے بغیر کوئی بھی استاذ ایک بہتر اور مؤثر طریقۂ تعلیم پیش کر سکے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پریس ریلیز</p></div>

پریس ریلیز

 

علی گڑھ: مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائےاردو اساتذہ (سی پی ڈی یو ٹی، اردو اکادمی )، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ کے زیر اہتمام اردو اساتذہ کے لیے ہفت روزہ ریفریشر کورس (5 تا 13/اگست) کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق وائس چانسلر، اے ایم یو پروفیسر محمد گلریز نے شرکت کی۔ جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر قدسیہ تحسین موجود تھیں۔ مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اردو اساتذہ کے ڈائریکٹر پروفیسر زبیر شاداب خان نے میزبانی کی۔

’جدید طریقۂ تدریس‘ کے موضوع پر آراستہ ہفت روزہ ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ ’’ریفریشر کورسز کے انعقاد سے اساتذہ کو نئی روشنی اور نئی توانائی حاصل ہوتی ہے۔ اردو اساتذہ کے لیے  جدید طریقہ تدریس پر مبنی مختلف تربیتی پروگراموں کا انعقاد وقت کا تقاضا بھی ہے اورہماری ضرورت بھی۔ اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے اردو کے اساتذہ اردو زبان و ادب کی تدریس کے جدید طریقہ کار سے واقف ہوں گے اوروہ اپنے اسکولی طلبا و طالبات کے لیے بہتر تعلیم و تربیت کی فضا ہموار کر سکیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’عہد حاضر میں یہ ممکن ہی نہیں کہ جدید تدریسی معلومات حاصل کیے بغیر کوئی بھی استاذ ایک بہتر اور مؤثر طریقۂ تعلیم پیش کر سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس ریفریشر کورس میں مختلف ماہرین کے لیکچرز اور جدید معلومات سے اردو زبان و ادب کے اساتذہ کو ایک نئی راہ ملے گی۔‘‘

پروفیسر قدسیہ تحسین نے اس موقع پر اظہار امید کرتے ہوئے کہا کہ ’’علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے وابستہ 10 اسکولوں کے اردو اساتذہ کے لیے منعقدہ اس ریفریشر کورس سے ایک مثبت نتیجہ برآمد ہوگا اور اردو جیسی بڑی زبان  کے اسباق کی تدریس کے لیے ہمارے اساتذہ از سر نو تازہ دم ہوں گے۔‘‘ پروفیسر زبیر شاداب خان نے اپنے تعارفی کلمات میں ہفت روزہ ریفریشر کورس کے انعقاد کے لیے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کی خصوصی دلچسپی کے سبب ہی ہم اردو اکادمی کی اصل کارکردگی کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اردو اساتذہ کے لیے مؤثر تدریسی طریقۂ تعلیم اور نصابات تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن تربیتی پروگراموں کے انعقاد کا بھی ہمارا منصوبہ ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اس ہفت روزہ پروگرام کے انعقاد میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر کی خصوصی رہنمائی و حوصلہ افزائی شامل رہی۔ اس ریفریشر کورس میں 'اے ایم یو گرلز اسکول'، 'راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول'، 'عبداللہ اسکول'، 'سینئر سیکنڈری اسکول گرلز'، 'سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز)'، 'اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول(گرلز)'، 'ایس ٹی ایس اسکول (منٹو سرکل)'، 'اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز)'، 'اے ایم یو سٹی گرلزہائی اسکول'، 'احمدی اسکول فار ویژولی چیلنجڈ' کے کل 20 اساتذہ شریک ہو رہے ہیں۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز ڈاکٹر عرفان احمد کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مشتاق صدف نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ جبکہ ڈاکٹر رفیع الدین نے مہمان خصوصی، مہمان اعزازی اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔