قومی خبریں

’امت شاہ میں ہمت ہی نہیں، انھیں عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے‘، پارلیمنٹ میں بحث معاملہ پر راہل گاندھی کا سخت رد عمل

بدھ کے روز پارلیمنٹ احاطہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ احتجاج کرنے والے طلبا پر گولیاں کس نے چلائیں؟ اس کے احکامات کس نے دیے؟‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>

تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

امت شاہ نے پارلیمنٹ میں بحث کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے، لیکن اس کے لیے اپوزیشن پارٹیوں سے کہا ہے کہ وہ 2 بجے تک لوک سبھا اسپیکر کو تحریر بھیج دیں۔ امت شاہ کی اس پیش قدمی کے بعد لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ایک بار پھر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’اپوزیشن کا صاف کہنا ہے، ہم امت شاہ کی تقریر سننا ہی نہیں چاہتے۔ میرا ’ہم‘ سے مطلب ملک کی نوجوان نسل سے ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’امت شاہ میں ہمت ہی نہیں ہے، اور انہیں اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے۔‘‘

بدھ کے روز پارلیمنٹ احاطہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ احتجاج کرنے والے طلبا پر گولیاں کس نے چلائیں؟ اس کے احکامات کس نے دیے؟ لاٹھی چارج کے احکامات کس نے دیے؟‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیا وہ احکامات وزارت داخلہ سے دیے گئے؟ کیا امت شاہ نے احکامات دیے، یا نہیں؟ اگر انہوں نے اس کے احکامات دیے تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ وہ قصوروار ہیں۔ اور اگر انہوں نے احکامات نہیں دیے تو بھی انہیں استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے امت شاہ کے سخت سیکورٹی میں پارلیمنٹ پہنچنے کا ذکر بھی نامہ نگاروں کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ امت شاہ 20 دنوں سے ایوان میں نہیں آ رہے ہیں۔ وہ گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پارلیمنٹ آتے ہیں۔ ان کے گھر کے باہر پولیس کی کئی گاڑیاں کھڑی کی گئی ہیں کہ کہیں کوئی طالب علم نہ آ جائے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے واضح لفظوں میں کہا کہ وزیر داخلہ میں ہمت نہیں ہے کہ وہ طلبا کا سامنا کر سکیں۔

اس درمیان کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں حاضر ہو کر اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اپنا موقف برقرار رکھے گی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کھڑگے نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’کل کچھ نہیں ہوگا۔ ہم وہی کرتے رہیں گے جو اب تک کرتے آ رہے ہیں۔‘‘ پارلیمنٹ احاطہ میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے مظاہرہ بھی کیا اور مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ’امت شاہ جواب دو‘ کے نعرے لگائے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔