
امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں طلبا پر دہلی پولیس کی بربریت سے متعلق امت شاہ کا پارلیمنٹ میں جواب چاہتی ہیں، اور اس کے لیے وہ گزشتہ کئی دنوں سے دونوں ایوانوں میں اپنی آواز اٹھا رہی ہیں۔ اب اپوزیشن کا یہ دباؤ رنگ لاتا دکھائی دے رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں جاری تعطل کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ وہ تمام سوالوں کے جواب دینے کے لیے راضی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے پالے میں گیند ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’آپ تحریری طور پر دے دیجیے کہ آپ بحث چاہتے ہیں، میں جواب دوں گا۔‘‘
امت شاہ کے اس بیان کے فوراً بعد لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم لوگ امت شاہ کی تقریروں میں دلچسپی نہیں رکھتے، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ بچوں پر گولیاں کس نے چلائیں۔‘‘ اس رد عمل سے ظاہر ہے کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں دہلی میں طلبا پر ہوئی بربریت سے متعلق ایک واضح بیان چاہتی ہیں۔ ان پارٹیوں کو پارلیمنٹ میں طویل بحث نہیں بلکہ بامقصد بیانات چاہئیں۔
بہرحال، اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے آج امت شاہ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’جب بات ہوگی تو میں اس پر بھی بحث کروں گا کہ آپ بحث کیوں نہیں چاہتے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت، این ڈی اے کی حکومت ہر معاملے پر بحث کے لیے تیار ہے۔ وہ (اپوزیشن) پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیتے ہیں۔‘‘ امت شاہ کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے تو لاپتہ، فرار اور مفرور جیسی زبان سننے کو مل رہی ہے، جو مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپوزیشن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو چلنے ہی نہیں دے رہا ہے، تو وہاں جا کر کیا ہوگا؟ میں پارلیمنٹ میں کسی بھی سوال کا جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔ آج 3 بجے سے کل 3 بجے تک بحث کے لیے تیار ہیں۔ اپوزیشن 2 بجے تک ایک خط لکھ کر اسپیکر اوم برلا کو دے دے۔‘‘
امت شاہ نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’آج 3 بجے سے بحث شروع ہو جائے گی۔ کل دوپہر 3 بجے جواب دے دوں گا۔ میں خود بحث میں بیٹھوں گا۔ اب اپوزیشن کو طے کرنا ہے کہ اسے بحث کرنی ہے یا ہنگامہ کرنا ہے۔ حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ اس پر بھی بحث کروں گا کہ آپ نے ایوان کو کیوں نہیں چلنے دیا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے جنتر منتر پر طلبا کی تحریک کے دوران لاٹھی چارج کے بعد سے اپوزیشن حکومت پر حملہ آور ہے اور امت شاہ سے جواب مانگ رہی ہے۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چل پا رہی ہے۔ کل مانسون اجلاس کا آخری دن ہے اور کچھ اہم بل ابھی پیش ہونے باقی ہیں۔ ان ہنگاموں کے درمیان حکومت نے پیر کو دعویٰ کیا کہ امت شاہ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، اپوزیشن فرار اختیار کر رہی ہے اور اپنے مطالبات بدل رہی ہے۔ اس کے بعد اپوزیشن نے کہا کہ وہ دہلی میں لاٹھی چارج اور رام مندر پر بحث چاہتی ہے۔ دونوں ہی موضوعات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔