
بھوپال: زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ شہریت ترمیمی قانون ملک کی سبھی ریاستوں کو نافذ کرنا ہوگا اور اسے جلد ازجلد نافذ کروانے کی کوشش کی جا ریہ ہے۔
نریندر تومر نے یہاں صحافیوں سے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں باقاعدہ منظورہواہے اور بعد میں صدرجمہوریہ نے اس پر دستخط کیے ہیں ۔اب یہ قانون بن چکاہے اور سبھی ریاستیں اسے نافذ کرنے کےلیے مجبور ہیں۔
نریندر تومر نے سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلی سے اسے جلداز جلد نافذ کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ میں گمراہ نہ کریں ۔اس قانون کو جلد نافذ کریں ،تاکہ اپنے اپنے علاقہ کے جو پناہ گزیں ہم سے مددکی امید کررہے ہیں ،ا نکے ساتھ انصاف ہوسکے۔
ایک سوال کے جواب میں تومر نے کہاکہ قانون پاکستان میں ظلم وزیادتی کی وجہ سے ہندو،سکھ ،جین ،بدھ اور پارسی فرقہ کے تمام لوگوں کو انصاف دلانے والا ہے ۔ یہ قانون ایسے لوگوں کو عزت اور شہریت دلائے گا۔اس قانون کی وجہ سے ہندستان میں رہنے والے کسی بھی مذہب کے شہریوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اس قانون کے تعلق سے کچھ لوگوں کے سپریم کورٹ میں جانے سے متعلق خبروں کے بارے میں نریندر تومر نے کہاکہ میڈیا میں چھپنے کے لیے بول سکتے ہیں ،لیکن قانون کے جو ماہر ہیں ،وہ جانتے ہیں کہ یہ آئینی ترمیمی بل ہے اور یہ ریاستوں کو نافذ کرنا ہی ہوگا۔ قانون کے خلاف مظاہر کے تعلق سے نریندر تومر نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ ملک میں بایاں محاذ ،کانگریسی اور نام نہاد دانشور تحریک کے نام پرتشدد پھیلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔