قومی خبریں

دہلی کے بعد پٹنہ میں بھی مظاہرین طلبا پر پولیس کی بربریت، آنسو گیس اور واٹر کینن کا ہوا استعمال

گاندھی میدان کے ہوٹل موریہ کے پاس پولیس کی طرف سے روکے جانے کے بعد طلبا اور پولیس میں تصادم ہو گیا۔ مظاہرین طلبا کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور پانی کی بوچھار کی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

 

دہلی میں گزشتہ روز ’پارلیمنٹ ہاؤس مارچ‘ کے دوران جس طرح کی تصویر سامنے آئی تھی، کچھ ویسا ہی نظارہ 22 جولائی کو بہار کی راجدھانی پتنہ میں دیکھنے کو ملا۔ بایاں محاذ کی طلبا تنظیم ’آئیسا‘ نے بدھ کی صبح راج بھون (گورنر ہاؤس) مارچ نکالا جس میں بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بلند کیے گئے۔ اس دوران گاندھی میدان کے پاس پٹنہ پولیس نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گاندھی میدان کے ہوٹل موریہ کے پاس پولیس کی طرف سے روکے جانے کے بعد طلبا اور پولیس میں تصادم ہو گیا۔ مظاہرین طلبا کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور واٹر کینن سے پانی کی بوچھار کی۔ اس سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ کچھ نوجوان پولیس کی اس کارروائی سے اِدھر اُدھر بھاگتے دکھائی دیے، لیکن بیشتر مظاہرین ڈٹ کر کھڑے رہے۔

قابل ذکر ہے کہ نیٹ پیپر لیک معاملہ میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اس معاملہ میں ’آل انڈیا اسٹوڈنٹ ایسو سی ایشن‘ (آئیسا) کی طرف سے پٹنہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دہلی کے جنتر منتر پر ہو رہے احتجاجی مظاہرہ کو آئیسا نے حمایت دیتے ہوئے پٹنہ کی سڑکوں پر زوردار احتجاج درج کرایا۔ اس مظاہرہ کے دوران کئی طلبا نے میڈیا اہلکاروں پر بھی اپنا غصہ نکالا۔ کئی چینل کے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی۔

دراصل مرکز کی مودی حکومت اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے خلاف طلبا کی ناراضگی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی کے جنتر منتر پر گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے جاری مظاہرہ کی حمایت میں ملک کی مختلف ریاستوں کے طلبا بھی مقامی سطح پر اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔ ان طلبا کو اپوزیشن پارٹیوں کی بھی زبردست حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ راہل گاندھی، اکھلیش یادو اور پرینکا گاندھی جیسے لیڈران بھی طلبا کی حمایت میں کل سڑکوں پر دکھائی دیے تھے۔ انھیں حراست میں بھی لے لیا گیا تھا، لیکن دیر شام انھیں رِہا کر دیا گیا۔ اس حراست کے خلاف مدھیہ پردیش میں کانگریس لیڈر امنگ سنگھار کی قیادت میں اسمبلی واقع وزیر اعلیٰ رہائش کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اسی طرح اتراکھنڈ میں بھی کانگریس کارکنان نے مودی حکومت کو تاناشاہ قرار دیتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ہماچل میں ایک احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔