قومی خبریں

طوفانی شروعات کے بعد شیئر مارکیٹ کی حالت ہوئی خستہ!

شیئر بازار میں جن شیئروں نے تیزی کے ساتھ کاروبار شروع کیا، ان میں بی ایس ای کی لارج کیپ زمرے میں شامل بی ای ایل، ایم اینڈ ایم، ٹاٹا اسٹیل، ٹرینٹ، ریلائنس اور ایٹرنل کے شیئر شامل رہے۔

<div class="paragraphs"><p>شیئر مارکیٹ</p></div>

شیئر مارکیٹ

 

تصویر سوشل میڈیا

ہفتہ کے پہلے کاروباری دن پیر کو شیئر بازار میں تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئروں والا سینسیکس بازار کھلتے ہی 400 پوائنٹس سے زیادہ اچھل گیا، وہیں نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی نے بھی تیزی کے ساتھ کاروبار شروع کیا۔ حالانکہ یہ تیزی چند منٹوں تک ہی دیکھنے کو ملی اور سینسیکس-نفٹی اچانک گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آئے۔ بازار میں زبردست شروعات کے دوران مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس سے لے کر ٹاٹا گروپ کی کمپنی ٹرینٹ تک کے شیئروں نے شاندار شروعات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج بی ایس ای کا سینسیکس اپنے گزشتہ اختتامی سطح 72,472 کے مقابلے میں زبردست تیزی کے ساتھ 72,771 پر کھلا اور پھر 412 پوائنٹس سے زیادہ چڑھ کر 73,884 کی سطح پر پہنچ گیا، لیکن اس کے بعد اچانک یہ ابتدائی تیزی گراوٹ میں بدل گئی اور محض چند منٹ کے کاروبار کے دوران ہی سینسیکس تقریباً 100 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 72,379 پر آگیا۔ این ایس ای نفٹی کی صورت حال بھی سینسیکس جیسی ہی رہی۔ 50 شیئروں پر مشتمل یہ انڈیکس اپنے گزشتہ اختتامی سطح 22,520 کے مقابلے میں تیزی کے ساتھ 22,593 پر کھلا اور پھر 22,651 تک اچھل گیا، لیکن اس کے بعد سینسیکس کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے ہوئے یہ بھی اچانک پھسلنے لگا اور گر کر 22,512 پر آگیا۔

شیئر بازار میں زبردست شروعات کے دوران جن شیئروں نے تیزی کے ساتھ کاروبار شروع کیا، ان میں بی ایس ای کی لارج کیپ زمرے میں شامل بی ای ایل، ایم اینڈ ایم، ٹاٹا اسٹیل، ٹرینٹ، ریلائنس اور ایٹرنل کے شیئر شامل رہے۔ ان میں 1 سے 2 فیصد تک کی تیزی درج کی گئی۔ اس کے علاوہ بی ایس ای کے مڈ کیپ زمرے پر نظر ڈالیں تو سوزلون، ٹی آئی انڈیا، کے ای آئی اور ایم سی ایکس کے شیئر تقریباً 2 سے 3 فیصد اچھل کر کاروبار کرتے نظر آئے۔ وہیں، اسمال کیپ زمرے میں شامل سائیجین اور ٹی ڈی پاورز کے شیئروں میں 5 سے 6 فیصد تک کی تیزی آئی۔

اب بات کرتے ہیں ان شیئروں کی، جنہوں نے شیئر بازار میں گراوٹ کو تقویت دی۔ بڑی لارج کیپ کمپنیوں میں شامل ٹیک مہندرا کے شیئروں میں 3.60 فیصد، بھارتی ایئرٹیل میں 2 فیصد اور آئی ٹی سی میں 1.50 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار ہورہا تھا۔ اس کے علاوہ ایس بی آئی کے شیئر میں بھی تقریباً 1 فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ دوسری جانب مڈ کیپ زمرے میں شامل گلین مارک، کولگیٹ پامولیو، یس بینک اور نائیکا کے شیئر بھی گراوٹ کے ساتھ ریڈ زون میں بنے ہوئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ شیئر بازار میں گزشتہ ہفتہ کے آخری کاروباری دن زبردست تیزی دیکھنے کو ملی تھی اور پیر کو بھی سینسیکس-نفٹی کے لیے بیرون ملک سے ملے جلے اشارے مل رہے تھے۔ ایک طرف جہاں گفٹ نفٹی تیزی کے ساتھ گرین زون میں کاروبار کرتے ہوئے سینسیکس-نفٹی کے تیزی کے ساتھ کھلنے کا اشارہ دے رہا تھا، وہیں جاپان، ہانگ کانگ سے لے کر جنوبی کوریا تک کے بازار کبھی گرین تو کبھی ریڈ زون میں کاروبار کرتے ہوئے اتار چڑھاؤ کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔