
یومِ آزادی کا جشن، تصویر ’ایکس‘ @INCKerala
ہندوستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر آج مختلف ریاستوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئی، جن میں وزرائے اعلیٰ نے اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی، سماجی انصاف، نوجوانوں کے مستقبل، بہتر تعلیم و صحت، روزگار کے نئے مواقع اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ تلنگانہ، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ اور کیرالہ کے وزرائے اعلیٰ کے خطابات میں ریاستی مسائل کے ساتھ ساتھ ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر پر زور دیا گیا جس میں ترقی کے ثمرات سماج کے تمام طبقات تک پہنچیں۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یومِ آزادی کے موقع پر کہا کہ ریاست میں ’عوامی حکومت‘ نے اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں اور غلامی کی زنجیریں توڑ دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تلنگانہ آزادانہ طور پر سانس لے گا اور سماجی انصاف اور مساوی ترقی کے ذریعے ریاست کو روشن مستقبل کی جانب لے جایا جائے گا۔
ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ ترقی کا اصل مقصد غریبوں کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست میں غریبوں کے چہروں پر خوشی اور امید کی روشنی نظر آئے گی اور لوگوں کے حقوق کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے جن خوابوں اور امنگوں کے ساتھ ریاست کی جدوجہد کی تھی، انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ’بھائی‘ کی جانب سے دیا گیا وعدہ ہے۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ریاست کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’چِٹّا‘ سے پاک ہماچل، عالمی معیار کی صحت خدمات، بہتر تعلیم اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور اختراع کی طاقت کے ذریعے بنیادی سہولتیں دیہی علاقوں تک پہنچائی جائیں گی، جبکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت اور ہنر کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ہماچل پردیش کو خود کفالت کی ایک نئی مثال بنانا ریاست کی ترقی کی سمت کا اہم حصہ ہے۔
سکھوندر سنگھ سکھو کا کہنا ہے کہ ہماچل کی قدرتی خوبصورتی، پہاڑ اور ثقافت اس کی ترقی کی شناخت ہیں۔ اس لیے ترقی کی ہر نئی منزل کے ساتھ قدرتی ماحول اور ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر انہوں نے ایسے ہماچل کی تعمیر کا عزم ظاہر کیا جہاں ہر خاندان کی زندگی بہتر ہو اور ریاست کی نوجوان نسل، خصوصاً جین-زی، پورے فخر کے ساتھ کہہ سکے کہ اسے ہماچلی ہونے پر فخر ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔