ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر سنسنی خیز قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں منی پور کے ریٹائرڈ موسیقار 54 سالہ چونگتھم وکرم سنگھ کو لاتوں اور گھونسوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا ہے۔ معاملہ جنوب مشرقی دہلی کے سن لائٹ کالونی پولیس اسٹیشن کے تحت کیلوکری گاؤں کا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق وکرم نے اپنے گھر کے باہر ڈیلیوری بوائے اور ڈھابے کے ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر چیخنے چلانے اور ہنگامہ کرنے پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اس کے بعد ان پر حملہ کیا گیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ بعد میں ہولی فیملی اسپتال میں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ یہ پوری واردات اتوار کی دیر رات کی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس میں ایک نابالغ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اتوار کو سن لائٹ کالونی تھانے میں ایک پی سی آر کال آئی تھی جس میں اس واقعہ کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
پی سی آر کال میں پولیس کو بتایا گیا کہ کیلوکری گاؤں کے رہنے والے 54 سالہ سی وکرم سنگھ کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ہے۔ پھر پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کی۔ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا کہ متوفی ایک ریٹائرڈ موسیقار تھے۔ ڈیلیوری بوائے اور ڈھابے کے ملازمین ان کے گھر کے سامنے شور شرابہ کر رہے تھے، جس پر ریٹائرڈ موسیقار نے اعتراض کیا۔ جب وکرم سنگھ نیچے اتر کر ان لوگوں کو شور شرابہ کرنے سے منع کرنے لگے تو ملزمین نے ان پر حملہ کر دیا۔ ان کے ساتھ لاتوں اور گھونسوں سے جم کر مارپیٹ کی گئی، جس سے انہیں شدید اندرونی چوٹیں آئیں۔ واردات کے بعد ان کے بیٹے یائفابا انہیں سنگین حالت میں قریبی ہولی فیملی اسپتال لے گئے، جہاں علاج کے دوران وکرم سنگھ نے دم توڑ دیا۔
متوفی کے ایک رشتہ دار نے الزام لگایا کہ مقامی لوگوں نے وکرم سنگھ پر اتنی بے رحمی سے حملہ کیا کہ وہ ہلنے جلنے کی حالت میں بھی نہیں تھے۔ وکرم کے قتل کے خلاف دہلی میں منی پور کے لوگوں نے گزشتہ کینڈل لائٹ مارچ بھی نکالا۔ بہرحال، پولیس نے قتل کا معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔ قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر تمام ملزمین کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔