قومی خبریں

حج 2027: دہلی کے 2706 عازمین کا انتخاب، پیشگی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست

حج کمیٹی آف انڈیا کی قرعہ اندازی میں دہلی کے 2706 عازمین حج 2027 کے لیے منتخب ہوئے۔ منتخب عازمین کو 10 اگست تک 1,52,300 روپے پیشگی رقم جمع کرانی ہوگی، بصورت دیگر ان کی حج نشست منسوخ کی جا سکتی ہے

<div class="paragraphs"><p>حج بیت اللہ / فائل تصویر / Getty Images</p></div>

حج بیت اللہ / فائل تصویر / Getty Images

 
-

نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2027 کے لیے منعقدہ آن لائن قرعہ اندازی میں دہلی کے 2706 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جاری کردہ پریس بیان کے مطابق، منتخب عازمین کو 10 اگست تک فی کس 1,52,300 روپے پیشگی رقم جمع کرانا لازمی ہوگا، بصورت دیگر ان کی حج نشست منسوخ کی جا سکتی ہے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے منتخب عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی حج 2027 کے تمام عازمین کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے تمام انتظامات منظم انداز میں انجام دیے جائیں گے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے آن لائن قرعہ اندازی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حج 2027 کے لیے منتخب ہونے والے 2706 عازمین میں مختلف زمروں کے درخواست گزار شامل ہیں۔ ان کے مطابق 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مخصوص زمرے میں 440 افراد، 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کی بغیر محرم خواتین کے زمرے میں 34، بیک لاگ کیٹیگری میں 81 اور عمومی زمرے میں 2151 عازمین کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام منتخب عازمین کو 10 اگست تک فی کس 1,52,300 روپے کی پیشگی رقم جمع کرانا ہوگی۔ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ مقررہ تاریخ تک رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عازم کی حج نشست منسوخ کی جا سکتی ہے۔

اشفاق احمد عارفی کے مطابق پیشگی رقم جمع کرانے کے بعد عازمین کو اپنے حج فارم کی دستخط شدہ پرنٹ کاپی، سفید پس منظر والی رنگین تصویر، حلف نامہ، منسوخ شدہ چیک، پاسپورٹ کی فوٹو کاپی، مقررہ فارمیٹ میں میڈیکل سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات حج کمیٹی کے دفتر ’حج منزل‘ میں جمع کرانا ہوں گے، جس کے لیے عازمین کو الگ سے اطلاع دی جائے گی۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے مطابق حج 2027 کے لیے ریاست سے مجموعی طور پر 5306 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جبکہ دہلی کی مسلم آبادی کے تناسب سے ریاست کا مقررہ حج کوٹہ صرف 1241 عازمین کا ہے۔ اس کے باوجود دیگر ریاستوں کے غیر استعمال شدہ کوٹے سے 1465 اضافی نشستیں ملنے کے بعد مجموعی طور پر 2706 عازمین کا انتخاب ممکن ہو سکا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔