
ممبئی: عرس البلاد ممبئی میں ایک جانب جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وہیں ایسے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں جہاں اجتماعی طور پر ایک بڑی تعداد میں لوگوں کو بغیر ماسک کے پایا گیا اور ان کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح کی ایک کارروائی میں ممبئی مونسپل کارپوریشن نے شہر کے امیروں کے علاقے بریج کینڈی میں واقع ایک مئے خانہ "عربوآیزیشن ریستوراں" میں نصف شب چھاپہ مارا جہاں رات دیر گئے شراب کے علاوہ محفل رقص بھی جاری تھی اور 245 لڑکے لڑکیوں کو بغیر ماسک پایا گیا۔
شہری انتظامیہ نے مقامی پولیس کے ہمراہ اس مئے خانے پر چھاپہ مارا جہاں لڑکیوں کی اکثریت تنگ اور نازیبا لباس زیب تن کیے ہوئے مئے نوشی و رقص میں مصروف تھیں اور وہ تمام سماجی فاصلہ بنائے بغیر ماسک کے پائے گئے۔ ان افراد سے جرمانہ وصول کیا گیا اور پھر انھیں رہا کیا گیا۔
کورونا وبا کے درمیان شب دیر گئے مختلف پابندیوں کے بعد نصف شب تک مئے خانے کے کھلے رہنے پر بھی چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایک جانب جہاں پولیس وانتظامیہ کھانے پینے کے ہوٹلوں پر رات دس بجے ہی اپنی کارروائی کا آغاز کر دیتی ہے تو پھر مئے خانے و ڈانس کلب کو اتنی دیر تک کھلے رہنے کی کس طرح سے اجازت دی گئی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔