قومی خبریں

آسام میں کازیرنگا کے قریب بھیانک سڑک حادثہ، 24 افراد ہلاک، 20 زخمی؛ پرینکا گاندھی کا اظہارِ تعزیت

آسام کے کازیرنگا میں ٹیمپو ٹریولر اور کنٹینر ٹرک کی ٹکر میں 24 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ پرینکا گاندھی اور وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے حادثے پر افسوس ظاہر کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

آسام کے گولاگھاٹ ضلع میں کازیرنگا نیشنل پارک کے قریب جمعہ کو ایک خوفناک سڑک حادثے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ رنگاجن کے مقام پر قومی شاہراہ 715 پر ایک ٹیمپو ٹریولر اور کنٹینر ٹرک کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد کالج کے طلبہ تھے، جو اپنی کلاسیں ختم ہونے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق، ٹیمپو ٹریولر گولاگھاٹ سے ناگاؤں کی جانب جا رہی تھی، جبکہ کنٹینر ٹرک اپر آسام کی طرف بڑھ رہا تھا۔ دونوں گاڑیوں کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹیمپو ٹریولر کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور اس میں سوار متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ حادثہ کوہورا رینج کے ہاتھی کولی ٹی اسٹیٹ کے قریب پیش آیا۔ گولاگھاٹ ضلع انتظامیہ کے ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے 24 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ مہلوکین کی شناخت کا عمل جاری ہے اور حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے نو ایمبولینسوں کو تعینات کیا گیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طور پر کوہورا ماڈل اسپتال پہنچایا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو بوکاخات، گولاگھاٹ اور جورہاٹ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق 20 زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے جورہاٹ ریفر کیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹیمپو ٹریولر کی رفتار کافی تیز تھی اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں وہ سامنے سے آنے والے کنٹینر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ کازیرنگا نیشنل پارک کے قریب گاڑیوں کی رفتار کے حوالے سے پابندیاں عائد ہیں۔ انتظامیہ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کرائے گی۔ اس دوران رفتار کی حد کی خلاف ورزی اور گاڑی میں مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی اس دردناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آسام کے کازیرنگا میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرحومین کی روحوں کے سکون کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے تئیں ان کی گہری تعزیت ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی تمنا کی۔

آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے درد کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ریاست کے پنچایت اور دیہی ترقی کے وزیر اتل بورا، جو مقامی رکن اسمبلی بھی ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ گولاگھاٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپن نیل ڈیکا نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ کے تمام سینئر افسران راحت و بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ گولاگھاٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر جنتو بورا کے مطابق مہلوکین کا پوسٹ مارٹم رات کے وقت گولاگھاٹ کے شہید کوشل کنور سول اسپتال میں کیا جائے گا۔ اس کے لیے اسپتال میں خصوصی روشنی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، حادثے کا شکار ٹیمپو ٹریولر کے ٹریفک چالان کا ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی پر مجموعی طور پر 12 چالان تھے، جن میں سے 38,500 روپے کا جرمانہ ادا کیا جا چکا تھا، جبکہ 4,000 روپے کا ایک جرمانہ ابھی باقی تھا۔ آسام میں تجارتی گاڑیوں کے ذریعے تیز رفتاری پر 4,000 روپے جرمانے کا ضابطہ ہے۔ انتظامیہ حادثے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کر رہی ہے۔