عالمی خبریں

بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے آبائی ضلع میں سیاسی احتجاج کے بعد کشیدگی، حملوں کے خوف سے کئی افراد نے چھوڑے گھر

بنگلہ دیش کے گوپال گنج میں عوامی لیگ کے احتجاج اور تشدد کے واقعات کے بعد خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ سکیورٹی بڑھا دی گئی، جبکہ حملوں کے خدشے سے بی این پی کے کئی رہنماؤں نے گھر چھوڑ دیے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ بی بی سی</p></div>

تصویر بشکریہ بی بی سی

 

بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں عوامی لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے تشدد کے واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ 15 نومبر کو پیش آنے والے ان واقعات کے بعد ضلع میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے متعدد رہنما حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بی بی سی بنگلہ کی رپورٹ کے مطابق، پیر کو ضلع میں احتجاج یا تشدد کا کوئی نیا واقعہ سامنے نہیں آیا، تاہم صورت حال بدستور کشیدہ ہے۔ اہم چوراہوں اور سڑکوں پر پولیس، ایس آر بی اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ تشدد کے واقعات کے بعد عام زندگی بھی متاثر ہوئی ہے اور شہریوں میں غیر یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اتوار کو گھروں اور دکانوں پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد بی این پی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ ضلعی بی این پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حملوں کے خوف سے ان میں سے کئی افراد اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں نکل گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو گوپال گنج میں شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے رہنماؤں اور حامیوں نے احتجاج کیا تھا، جس کے دوران تشدد کے واقعات پیش آئے۔ بنگلہ دیش میں عوامی لیگ اور اس سے وابستہ مختلف تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔

ان واقعات کے بعد حکومت نے گوپال گنج کے پولیس ڈپٹی کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ حکومتی سطح پر یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ضلع میں امن و امان کی صورت حال کو لے کر تشویش پائی جا رہی ہے۔

گوپال گنج کو شیخ حسینہ اور ان کی جماعت عوامی لیگ کا مضبوط سیاسی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے بنگلہ دیش میں سیاسی حالات میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ تازہ واقعات نے ملک میں سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی اور امن و امان کے مسائل کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔