
تہران: ایران کے جنوب۔ مغربی بندرگاہی شہر چاہ بہار میں جمعرات کو دہشت گردانہ حملے میں کم از کم دو لوگوں کی موت اور 42 دیگر زخمی ہوگئے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی آئی آر این اے نے مقامی ہنگامی طبی افسر محمد رضا کے حوالے سے کہاکہ حملے میں زخمی لوگوں کو چاہ بہار کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔
چاہ بہار کے گورنر رحمدیل بامیری نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مادہ سے بھری کار کے ساتھ چاہ بہار کے پولس ہیڈکوارٹر کو نشانہ بناکر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے دھماکہ خیز مادہ سے بھری کارکو تھانہ کے اندر لے جانے کی کوشش کی لیکن سلامتی دستوں نے جب ان کا راستہ روکا توخودکش حملہ آوروں نے اسٹیشن کے گیٹ پر ہی کار میں دھماکہ کردیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ کی جگہ سے گولی چلنے کی بھی آواز آئی۔ کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے اب تک اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ جاوید ظریف نے اس حملہ کو غیرملکی دہشت گردوں کی کرتوت بتاتے ہوئے کہا کہ حملہ کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
ہندوستان نے چاہ بہار میں آج ہوئے دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کی۔ وزارت دفاع کے ترجمان رویش کمار نے یہاں معمول کی بریفنگ میں کہا ہے کہ ہندوستان چاہ بہار میں دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ ہم ایرانی حکومت، وہاں کی عوام اور حملے میں جان گنوانے والوں کے خاندانوں کے تئیں دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس گھناؤنے کام کے ذمہ دار لوگوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔دہشت گردی کے کسی بھی شکل کو جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Dec 2018, 9:08 AM IST
تصویر آئی اے این ایس