
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر (ویڈیو گریب)
شینژین: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرین بھی روس یوکرین جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعہ کے حوالے سے ان کی پوتن کے ساتھ پہلے ہی طویل گفتگو ہو چکی ہے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ دونوں فریق جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بات چین کے شہر شینژین میں منعقد ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے اجلاس کے موقع پر روس، امریکہ اور چین کے رہنماؤں کی سہ فریقی ملاقات کے آغاز میں اپنے مختصر خطاب کے دوران کہی۔ اس ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن شریک ہیں۔
ٹرمپ کے خطاب کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن میں انہوں نے تینوں ممالک کی جوہری طاقت اور دنیا میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے خطرات کا ذکر کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ، روس اور چین ایسی پوزیشن میں ہیں کہ دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کے معاملے پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان تینوں بڑی طاقتوں کا مل کر کام کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں باہمی تعاون سے عالمی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹرمپ نے اس موقع پر ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس معاملے میں بھی یہی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔ امریکی صدر نے کہا، ’’ہم ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے۔‘‘ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام اور اس کے ممکنہ فوجی مقاصد کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔
اس کے بعد ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے پر ان کی اور روسی صدر پوتن کی پہلے ہی طویل بات چیت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ پوتن بھی اس جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور یوکرین بھی ایسا ہی چاہتا ہے۔‘‘
ٹرمپ کے اس بیان سے ایک بار پھر روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور ممکنہ مذاکرات کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے خطاب میں جنگ کے خاتمے کے لیے کسی نئے منصوبے یا مذاکرات کی آئندہ حکمت عملی کی تفصیلات پیش نہیں کیں۔
واضح رہے کہ چین کے شہر شینژین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے تحت ہونے والی اس اہم سرگرمی میں دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہوں کی شرکت کو عالمی سیاست اور سلامتی کے تناظر میں اہمیت دی جا رہی ہے۔ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام اور یوکرین جنگ جیسے معاملات اس ملاقات کے اہم موضوعات میں شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔