عالمی خبریں

سوڈان کی فیکٹری میں آتش زدگی، 18 ہندوستانی مزدوروں سمیت 23 افراد ہلاک، 130 زخمی

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک سرامکس فیکٹری میں گیس ٹینکر کے پھٹنے سےآگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 23 افراد ہلاک اور 130 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

خرطوم: سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک سرامکس فیکٹری میں گیس ٹینکر کے پھٹنے سےآگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 23 افراد ہلاک اور 130 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ سوڈان میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے بدھ کے روز تصدیق کی گئی ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں 18 ہندوستانی مزدور بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ زخمیوں میں بھی 7 ہندوستانی شامل ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Published: undefined

سوڈانی حکام کے مطابق خرطوم کے شمال میں صنعتی زون میں واقع ٹائلیں بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، اس کے بعد سیاہ دھویں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہورہے تھے۔سوڈانی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گیس کا ٹینکر فیکٹری میں اتارتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا تھا اور اس سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

Published: undefined

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے ٹینکر نزدیک واقع دوسری لاٹ میں جاگرا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکہ بہت زوردار تھا اور فیکٹری کے احاطے میں کھڑی بہت سے کاریں بھی آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گئی ہیں۔ واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں حادثے کی جگہ پر لوگوں کو بھاگتے اور مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فیکٹری سے سیاہ دھویں کے بادل بلند ہورہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور رضا کار فیکٹری کے مختلف حصوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

Published: undefined

جائے وقوعہ پر موجود حسین عمر نامی ایک رضاکار نے بتایا کہ اس نے تباہ شدہ فیکٹری سے چودہ لاشیں نکالی ہیں اور وہ مکمل طور پر جل چکی تھیں۔سوڈانی حکومت نے شہریوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے تا کہ زخمیوں کے علاج میں کام آسکے۔ طبّی ذرائع کے مطابق زندہ جل مرنے والے فیکٹری ملازمین اور مجروحین میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری شامل ہیں۔ ان میں بعض ایشیائی باشندے بھی ہیں۔

پولس نے آتش زدگی کے واقعے کے بعد تمام علاقے کا گھیراؤ کر لیا تھا۔سوڈان کی احتجاجی تحریک سے وابستہ ڈاکٹروں کی ایک کمیٹی نے واقعے کے فوری بعد آتش زدگی سے سولہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ایک سو سے زیادہ زخمیوں کو خرطوم کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

Published: undefined

کمیٹی نے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے والے تمام ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے فوری طور پر اپنے اپنے اسپتالوں میں پہنچ جائیں ۔طبی حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سوڈانی حکومت نے ابتدائی تحقیقات اور مشاہدے کی روشنی میں بتایا ہے کہ ’’فیکٹری میں ضروری حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے اور آگ بجھانے والے ضروری آلات بھی موجود نہیں تھے۔اس کے علاوہ آتش گیر مواد کو کسی مخصوص جگہ کے بجائے ایسے ہی غیر محفوظ انداز میں رکھا گیا تھا۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined