
نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے میں جمعرات کے روز 6.3 شدت کے طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم متعلقہ ادارے صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی قومی ایمرجنسی اور آفات سے نمٹنے والی ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سمندر کے قریب جانے سے گریز کریں۔ زلزلے کا مرکز تے اناؤ شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں واقع تھا۔ یہ علاقہ فیورڈ لینڈ کے مشہور سیاحتی مقام کا داخلی دروازہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔
زلزلے کی شدت کے بارے میں مختلف اداروں کی جانب سے الگ الگ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے حکام نے اس کی شدت 6.3 بتائی ہے، جبکہ امریکی ارضیاتی سروے اور جرمنی کے جیو سائنس ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ دونوں اداروں نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 50 کلومیٹر سے زیادہ گہرائی میں واقع تھا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب، ہندوستان کے گجرات کے ضلع کچھ میں بھی جمعرات کو تین منٹ کے اندر زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گاندھی نگر میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف سیزمولوجیکل ریسرچ کے مطابق پہلا جھٹکا دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی شدت 3.6 تھی۔ اس کا مرکز کھاوڑا سے 32 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
پہلے جھٹکے کے صرف تین منٹ بعد دوپہر 2 بج کر 23 منٹ پر دوسرا زلزلہ آیا، جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز دھولاویرا سے 32 کلومیٹر مغرب شمال میں واقع تھا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق دونوں زلزلوں کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں مقامات پر صورت حال قابو میں ہے، تاہم احتیاطی اقدامات جاری رکھے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔