عالمی خبریں

غزہ جنگ بندی پر امریکی ویٹو سے حوصلہ افزا اسرائیل نے حملے تیز کئے، متعدد ممالک واشنگٹن کے اقدام سے مایوس

غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی غیر معمولی کوششوں پر امریکی ویٹو سے حوصلہ افزا اسرائیل نے غزہ پر حملے تیز کر دیے ہیں

<div class="paragraphs"><p>غزہ پٹی پر اسرائیلی حملہ / Getty Images</p></div>

غزہ پٹی پر اسرائیلی حملہ / Getty Images

 
Anadolu Agency

غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی غیر معمولی کوششوں پر امریکی ویٹو سے حوصلہ افزا اسرائیل نے غزہ پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ دریں اثنا، کئی ممالک نے واشنگٹن کے اس اقدام پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قرارداد کے مسودے میں غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

جہاں کچھ مسلم ممالک کی جانب سے امریکی ویٹو کی مذمت اور مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے، وہیں اسرائیل نے اس سے حوصلہ پاکر غزہ کے متعدد علاقوں پر بمباری کی ہے، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 150 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امدادی کارکنوں کے مطابق غزہ کی صورتحال تباہی کی حالت میں پہنچ چکی ہے۔ غزہ کا انسانی نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔ وہاں بیماری اور بھوک کا خطرہ ہے۔

غزہ اور اسرائیل میں جنگ بندی پر اقوام متحدہ میں امریکی ویٹو کی فلسطینی اتھارٹی اور حماس کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے غزہ میں تازہ ترین ہلاکتوں کی تعداد 17,000 بتائی ہے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مذمت کی اور عالمی ادارہ کو 'اسرائیلی سلامتی کونسل' قرار دیا۔

حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی قصبے خان یونس پر اسرائیلی حملے میں چھ افراد مارے گئے جب کہ رفاح میں ایک اور حملے میں پانچ افراد مارے گئے۔ حماس کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر 71 لاشیں دیر البلاح کے الاقصی شہداء اسپتال پہنچیں جب کہ خان یونس کے ناصر اسپتال میں 62 لاشیں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بم دھماکوں کے بعد 160 زخمیوں کو الاقصیٰ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام نے کہا کہ اس نے ہفتے کے روز جنوبی اسرائیل میں کبوتز ریم کی طرف راکٹ داغے۔ تل ابیب کے مطابق اسرائیل نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اپنے بے مثال حملوں کے بعد حماس کو ختم کرنے کا عزم کیا ہے، جس میں 1,200 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور سینکڑوں کو یرغمال بنایا گیا، جن میں سے 138 قید میں ہیں۔

غزہ کا وسیع حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے اور اقوام متحدہ کا خیال ہے کہ تقریباً 80 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور خوراک، ایندھن، پانی اور ادویات کی شدید قلت ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوئٹریس نے سلامتی کونسل میں کئی دہائیوں سے زیر التواء بل کا حوالہ دے کر جنگ بندی پر غیر معمولی ووٹنگ کا آغاز کیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے جنگ بندی کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا کیونکہ تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال بامعنی انسانی کارروائیوں کو ناممکن بناتی ہے جس کے علاقائی امن و سلامتی پر ناقابل واپسی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم امریکہ نے جمعہ کو سلامتی کونسل کی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔