صحت

دہلی میں سوائن فلو کے مریضوں کی کل تعداد 2,612 ہو گئی

اس بیماری کی علامات زیادہ تر عام موسمی فلو یا بخار سے ملتی جلتی ہیں، اور مریض صحت یاب ہو کر علاج کے بعد گھر لوٹ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران، دہلی میں سوائن فلو کے 166 کیسز کی تصدیق ہوئی، جس سے سوائن فلو کے مریضوں کی کل تعداد 2,612 ہوگئی۔ اعداد و شمار کے مطابق انفلوئنزا اے کے کیسز کی کل تعداد بھی بڑھ کر 3,300 ہو گئی ہے، جو بدھ یعنی 26 اگست کو 3,177 تھی۔ قومی راجدھانی میں بدھ کو H1N1 یعنی سوائن فلوکے 138 کیس رپورٹ ہوئے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ وزیر صحت پنکج کمار سنگھ نے جمعرات یعنی 27 اگست کو اندرا گاندھی اسپتال کا دورہ کیا اور سوائن فلو اور موسمی انفلوئنزا کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اسپتال نے سوائن فلو کے لیے ایک خصوصی کلینک بھی قائم کی ہے، جہاں پہلے مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کی جائے گی اور سوائن فلو کا پتہ لگانے کے لیے طبی جانچ کی جائے گی۔ متاثرہ پائے جانے والے مریضوں کو مزید علاج اور دیکھ بھال کے لیے خصوصی وارڈ میں منتقل کیا جائے گا۔

وزیر صحت نے کہا، "میں دہلی کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی کو گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ دہلی حکومت اور محکمہ صحت پوری طرح سے تیار ہے۔ ہمارے ڈاکٹر، نرسیں، لیب ٹیکنیشن، اور دیگر ہیلتھ ورکر پوری طرح چوکس ہیں اور انتہائی سنجیدگی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔"

وزیر صحت نے مزید کہا، "اس بیماری کی علامات زیادہ تر عام موسمی فلو یا بخار سے ملتی جلتی ہیں، اور مریض صحت یاب ہو کر علاج کے بعد گھر لوٹ رہے ہیں۔ ڈاکٹر اس وقت اسپتالوں میں داخل مریضوں کو مناسب علاج فراہم کر رہے ہیں۔"

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔