
لیونل میسی، تصویر ’انسٹاگرام‘
لیونل میسی اب ارجنٹینا کی جرسی میں نظر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے ارجنٹینا کے لیے اپنا آخری میچ بیونس آئرس کے ایسٹیڈیو ماس مونومینٹل میں بینن کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں بھی میسی کا جادو دیکھنے کو ملا اور انہوں نے ایک گول کرنے کے ساتھ ساتھ 2 اسسٹ بھی کیے۔ میسی اپنے کیریئر کے آخری مقابلے کے آغاز میں ہی جذباتی نظر آئے۔ اپنے اسٹار کھلاڑی کو ارجنٹینا کی جرسی میں آخری بار دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین پہنچے اور پورا اسٹیڈیم بھرا رہا۔
میچ کے آغاز سے قبل ریور پلیٹ کے صدر نے میسی کو اعزاز سے نوازا۔ اس دوران ارجنٹینا کے عظیم کھلاڑی کو کلب کی اعزازی رکنیت، یادگاری تختی اور خصوصی جرسی دی گئی۔ بینن کی ٹیم نے بھی میسی کو خصوصی تحفہ پیش کیا۔ میچ کے 10ویں منٹ میں مقابلہ روک کر میسی کے اعزاز میں خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔ اس دوران بینن کے کھلاڑی بھی میسی سے ہاتھ ملاتے نظر آئے۔ میسی کے الوداعی میچ کو ’دی لاسٹ ٹینگو‘ کا نام دیا گیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو چمپئن بنانے والے کھلاڑی اور میسی کے اہل خانہ اسٹیڈیم میں موجود رہے۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آخری مقابلے میں بھی میسی اچھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے دوسرے ہاف میں نکولس اوٹامینڈی کو گول کرنے میں مدد کی۔ اس گول کی بدولت ارجنٹینا نے مقابلے میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد مقابلے کے 61ویں منٹ میں نیکو پاز نے بینن کے دفاع کو توڑتے ہوئے ارجنٹینا کے لیے دوسرا گول کیا۔ مقابلے کے 71ویں منٹ میں وہ لمحہ آیا، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ میسی نے پنالٹی پر زوردار شاٹ کے ساتھ ارجنٹینا کے لیے تیسرا اور اپنا پہلا گول داغا۔ میسی کا یہ شاٹ ٹاپ رائٹ کارنر میں پہنچا۔ میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کی جانب سے گول کرنے کی کئی مزید کوششیں کی گئیں، لیکن ٹیم کو کامیابی نہیں ملی۔
قابل ذکرہے کہ میسی نے ارجنٹینا کے لیے مجموعی طور پر 208 مقابلے کھیلے اور اس دوران انہوں نے 126 گول اور 69 اسسٹ کیے۔ میچ ختم ہونے کے بعد میسی، کھلاڑیوں سمیت تمام شائقین بھی جذباتی نظر آئے۔ واضح رہے کہ میسی نے 31 اگست 2026 کو بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے ان سے آخری الوداعی میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔