
ڈی کے شیو کمار/ تصویر: آئی اے این ایس
کرناٹک حکومت نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی اسکریننگ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اسکریننگ کی منظوری دیتے ہوئے مداحوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے منظوری دے دی ہے۔ میں تمام نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ کی خواہشات اور آپ کی درخواست کے مطابق، بہت سے لوگ مجھے میسج کر رہے تھے اور گزارش کر رہے تھے۔ آپ کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی اسکریننگ کی منظوری دے دی ہے۔‘‘
ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ’’آپ سب کو بہت پرامن طریقے سے رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ امن و امان اور طے شدہ اصول و ضوابط بہت اہم ہیں۔ ہمارے پولیس افسران نے ہر جگہ کیمرے لگائے ہیں۔ اس لیے براہ کرم پرسکون رہیں۔ ہمیں یہ دکھانا ہے کہ ہم کتنے امن پسند ہیں۔ ہمیں یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم بنگلورو سے ہیں، کرناٹک سے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ فٹبال کا لطف اٹھائیں۔ کوئی جیتے یا ہارے، یہ الگ بات ہے۔ جشن منائیں، لیکن کسی کو بھی اپنا آپا نہیں کھونا چاہیے۔ حکومت کی طرف سے، میں اپنے تمام نوجوانوں، فٹبال کے مداحوں اور کھیل کے شائقین سے عاجزانہ اپیل کرتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ بنگلورو پولیس نے ورلڈ کپ فائنل کے دوران شہر کے تمام ریسٹورنٹس کو صبح 3:30 بجے تک فوڈ سروس جاری رکھنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اسپین اور ارجنٹائنا کے درمیان پیر کے روز ہونے والا ہے۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق رات 12:30 بجے سے ہوگا۔ اسپین نے فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ 2010 کی فاتح اسپین اپنا دوسرا خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی۔ دوسری طرف دفاعی چیمپئن ارجنٹائنا 1978، 1986 اور 2022 کے بعد اپنے چوتھے خطاب کی کوشش میں ہے۔ فائنل میں ارجنٹائنا کے کپتان لیونل میسی کی کارکردگی پر دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کی نظریں مرکوز ہوں گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔