
تصویر ’ایکس‘ @FIFAWorldCup
’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے ’راؤنڈ آف 16‘ کے آج 2 اہم مقابلے کھیلے گئے، جن میں ایک مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا، اور دوسرا مقابلہ انجری ٹائم پہنچ کر انتہائی دلچسپ انداز میں ختم ہوا۔ پہلا مقابلہ بلجیم اور امریکہ کے درمیان کھیلا گیا، جس میں بلجیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریک میزبان امریکہ کو 1-4 سے شکست فاش دے دی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسری طرف اسپین اور پرتگال کا مقابلہ انتہائی دلچسپ ثابت ہوا، کیونکہ 90 منٹ کے کھیل میں دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول نہیں کر پائی تھیں۔ میچ جب پنالٹی شوٹ آؤٹ کی طرف بڑھ رہا تھا، تبھی انجری ٹائم میں اسپین کے کھلاڑی میکل میرینو نے گول داغ کر پرتگال کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ اب کوارٹر فائنل مقابلہ اسپین اور بلجیم کے درمیان ہی کھیلا جائے گا۔
سیٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بلجیم اور امریکہ کے درمیان مقابلہ میں ریڈ ڈیولز نے آغاز سے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور میزبان ٹیم کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ بلجیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور نویں منٹ میں چارلس ڈی کیٹیلیئرے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ امریکہ نے 31ویں منٹ میں ملک ٹِل مین کے ڈیفلیکٹیڈ گول کی بدولت اسکور 1-1 سے برابر کر دیا، لیکن یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ صرف 2 منٹ بعد ہی ڈی کیٹیلیئرے نے اپنا دوسرا گول داغ کر بلجیم کو دوبارہ برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں بھی بلجیم کا غلبہ برقرار رہا۔ 57ویں منٹ میں ہانس ویناکن نے تیسرا گول کر کے امریکہ کی واپسی کی امیدوں کو تقریباً ختم کر دیا۔ اس کے بعد انجری ٹائم (3+90) میں رومیلو لوکاکو نے چوتھا گول داغ کر بلجیم کی 1-4 کی شاندار فتح پر مہر لگا دی۔ بلجیم نے پورے میچ میں منظم اور پراعتماد کھیل پیش کیا۔ دوسری جانب امریکہ برابری کا گول کرنے کے باوجود میچ میں اپنی رفتار برقرار نہ رکھ سکا اور مسلسل دباؤ میں دکھائی دیا۔
بلجیم اور امریکہ کے مقابلے اسپین اور پرتگال کا میچ بہت مختلف رہا۔ اسپین نے آخری لمحات میں گول کر کے پرتگال کو 0-1 سے شکست دی۔ میچ کا واحد گول میکل میرینو نے انجری ٹائم (1+90ویں منٹ) میں کیا۔ اس جیت کے ساتھ اسپین نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہو گیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کئی اچھے مواقع بنائے، لیکن کوئی بھی انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکی۔ اسپین کے لیے میکل اویارزابال کے پاس برتری دلانے کا بہترین موقع تھا، لیکن ان کا شاٹ ہدف سے باہر چلا گیا۔ دوسری جانب گول کیپر دیوگو کوسٹا نے الیکس بائنا کے شاندار کرلنگ شاٹ کو روک کر پرتگال کو ابتدائی نقصان سے بچا لیا۔
پرتگال نے بھی مسلسل اسپین کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے چند عمدہ حملے کیے، جبکہ نونو مینڈیش کا ڈیفلیکٹیڈ شاٹ کراس بار سے ٹکرا کر واپس آ گیا۔ اس کے باوجود پرتگال کی پوری ٹیم میچ میں ایک بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined