فلم اور تفریح

90 کی دہائی کی یادیں پھر سے ہوں گی تازہ، کمار سانو اور ادت نارائن آئیں گے ساتھ!

کمار سانو نے انسٹا گرام پوسٹ پر لکھا ہے کہ ’’اپنے پیارے دوست ادت نارائن سے مل کر بہت اچھا لگا اور کچھ اچھا آنے والا ہے۔‘‘ کمار سانو کے مختصر کیپشن نے مداحوں کا تجسس بڑھا دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کمار سانو اور ادت نارائن، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

کمار سانو اور ادت نارائن، تصویر سوشل میڈیا

 

90 کی دہائی کی بالی ووڈ موسیقی آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہے۔ اس دور میں کمار سانو اور ادت نارائن جیسے گلوکاروں کی آوازیں ہر گھر میں سنی جاتی تھیں۔ اس سنہری دور کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہونے والی ہیں۔ دراصل بالی ووڈ کے دو سینئر پلے بیک سنگر کمار سانو اور ادت نارائن نے حال ہی میں ملاقات کی۔ اس دوران کمار سانو نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ خصوصی پروجیکٹ کی جانب اشارہ کیا ہے۔ کمار سانو نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ادت نارائن کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔ تصویر میں دونوں پرانے دوست ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ کمار سانو نے لکھا ہے کہ ’’اپنے پیارے دوست ادت نارائن سے مل کر بہت اچھا لگا، اور کچھ اچھا آنے والا ہے۔‘‘ کمار سانو کے مختصر کیپشن نے مداحوں کا تجسس بڑھا دیا ہے۔

دونوں گلو کاروں نے فی الحال صاف نہیں کیا ہے کہ وہ کس پروجیکٹ پر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ لیکن اس پوسٹ کے بعد یہ مانا جا رہا ہے کہ دونوں کی آوازیں جلد ہی کسی نئے گانے میں ایک ساتھ سنائی دے سکتی ہیں۔ کمار سانو اور ادت نارائن قبل میں کئی گانوں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ دونوں گلو کاروں نے ایک ساتھ ’تیری میری دوستی‘، ’بے وفا بہت دن گھومے‘، ’چھوٹے چھوٹے بھائیوں کے بڑے بھیا‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ اور ’اپنا بامبے ٹاکیز‘ جیسے نغموں میں آواز دی ہے۔ کمار سانو کی بات کریں تو انہوں نے 1990 کی دہائی اور 2000 کے ابتدائی برسوں میں ہندی فلم موسیقی میں اپنی نمایاں شناخت بنائی۔ 1990 میں آئی فلم ’عاشقی‘ کے گانوں نے ان کے کیریئر کو بلندیوں پر پہچایا۔ فلم کے تقریباً سبھی گانوں میں ان کی آواز سنائی دی، اس کے بعد وہ مقبول ترین پلے بیک سنگرز میں شامل ہو گئے۔

کمار سانو نے سینما کو ’اک صنم چاہیے‘، ’میں دنیا بھلا دوں گا‘، ’تجھے دیکھا تو‘، ’میرا دل بھی کتنا پاگل ہے‘، ’سوچیں گے تمہیں پیار‘، ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘، ’چرا کے دل میرا‘، ’بازیگر او بازیگر‘، اور ’آنکھوں کی گستاخیاں‘ جیسے شاندار گانے دیے۔ کمار سانو کے نام ایک خاص ریکارڈ بھی درج ہے۔ 1993 میں انہوں نے ایک ہی دن میں 28 گانے ریکارڈ کیے تھے۔ اس حصولیابی کے لیے ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہوا تھا۔ ان کے کئی گانوں کو بی بی سی کی ’ٹاپ40 بالی ووڈ ساؤنڈ ٹریک آف آل ٹائم‘ کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ موسیقی کے میدان میں ان کا تعاون اہم ہے، جس کے مدنظر ہندوستانی حکومت نے 2009 میں انہیں پدم شری اعزاز سے نوازا۔ وہ ٹی وی کے کئی میوزک ریئلٹی شوز میں بطور جج اور مینٹر بھی نظر آچکے ہیں۔

دوسری جانب ادت نارائن بھی ہندوستانی فلمی موسیقی کے بڑے ناموں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی یادگار گانے دیے اور 4 نیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ انہوں نے ’لگان‘ کے ’متوا‘، فلم ’دل چاہتا ہے‘ کے نغمہ ’جانے کیوں لوگ‘، ’زندگی خوبصورت ہے‘ کے ’چھوٹے چھوٹے سپنے‘ اور ’سودیش‘ کے ’یہ تارہ وہ تارہ‘ جیسے متعدد نغموں کے لیے انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے 2005 میں بھوجپوری فلم ’کب ہوئی گونا ہمار‘ کے پروڈیوسر کے طور پر بھی نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ہندوستانی موسیقی میں ان کی شراکت کو لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی تسلیم کیا، انہوں نے ادت نارائن کو ’پرنس آف پلے بیک سنگنگ‘ کا خطاب دیا تھا۔ ادت نارائن نے 1980 میں فلم ’انیس بیس‘ سے ہندی پلے بیک سنگنگ میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے عظیم گلوکار محمد رفیع کے ساتھ گانا گایا تھا۔ نیپالی موسیقی میں ان کے تعاون کے لیے نیپال کے راجہ بریندر بیر بکرم شاہ دیو نے 2001 میں انہیں ’آرڈر آف گورکھا دکشن باہو‘ اعزاز سے نوازا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔