کرکٹ

زمبابوے نے ’ٹی-20 عالمی کپ‘ میں کیا بڑا الٹ پھیر، آسٹریلیا کو 23 رنوں سے دی شکست

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 2 وکٹ کے نقصان پر 169 رن بنائے تھے۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 146 رن ہی بنا سکی۔

<div class="paragraphs"><p>زمبابوے کے تیز گیندباز بلیسنگ مزربانی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

زمبابوے کے تیز گیندباز بلیسنگ مزربانی، تصویر ’ایکس‘ @ICC

 

’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ میں آج بڑا الٹ پھیر اُس وقت دیکھنے کو ملا جب زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنوں سے شکست دے دی۔ کولمبو کے آر پریمداسا اسٹیڈیم میں 13 فروری کو کھیلے گئے ٹی-20 عالمی کپ کے ’گروپ بی‘ مقابلہ میں سکندر رضا کی کپتانی والی ٹیم نے نہ صرف آسٹریلیا کو شکست دی، بلکہ 2 فتح کے ساتھ اپنے گروپ میں دوسرے مقام پر بھی پہنچ گئی۔ ٹی-20 عالمی کپ میں آسٹریلیا کے خلاف یہ زمبابوے کی دوسری فتح ہے۔ اس سے قبل زمبابوے نے 2007 میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے کر الٹ پھیر کیا تھا۔

Published: undefined

آج کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 2 وکٹ کے نقصان پر 169 رن بنائے۔ اس دوران سلامی بلے باز برائن بینیٹ نے ناٹ آؤت 64 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس دوران انھوں نے 7 چوکے لگائے۔ دوسرے سلامی بلے باز تدیوناشے مرومانی نے 21 گیندوں پر 35 رنوں کا تعاون کیا۔ ریان برل نے 30 گیندوں پر 35 رن اور کپتان سکندر رضا نے 13 گیندوں پر تیز طرار ناٹ آؤٹ 25 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس طرح زمبابوے کی ٹیم 20 اوورس میں 169 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔

Published: undefined

آسٹریلیا کی طرف سے گیندبازی میں صرف 2 گیندباز وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مارکس اسٹوئنس نے 2.5 اوورس میں 17 رن دے کر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جبکہ کیمرون گرین نے 1.1 اوورس میں 6 رن دے کر 1 کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ تیز گیندباز بین ڈوارشوئس نے 4 اوورس میں 40 رن خرچ کر دیے، اور گلین میکسویل کے ایک اوور میں تو 14 رن بنے۔ ناتھن ایلس نے بھی 4 اوورس میں 34 رن دے ڈالے۔ مایہ ناز اسپن گیندباز ایڈم زیمپا بھی وکٹ سے محروم رہے۔ انھوں نے 4 اوورس میں 31 رن دیے۔ میتھیو کہنمین کے بھی 3 اوورس میں 24 رن بنے۔

Published: undefined

170 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم کی ابتدا ہی خراب رہی۔ پاور پلے میں ہی اس کے 4 وکٹ گر گئے اور اسکور محض 38 رن تک پہنچا۔ جوش انگلس، کیمرون گرین، ٹم ڈیوڈ اور ٹریوس ہیڈ جیسے اسٹار بلے باز جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا نے درمیان کے اوورس میں میٹ رینشا اور گلین میکسویل کی 77 رنوں کی شراکت داری سے واپسی ضرور کی، لیکن آخر کے اوورس میں زمبابوے نے پھر واپسی کی اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلیائی ٹیم 19.3 اوورس میں 146 رن بنا کر سمٹ گئی اور اسے 23 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ 65 رن (44 گیندوں پر) میٹ رینشا نے بنائے۔ گلین میکسویل نے 32 گیندوں میں 31 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ دوہرے ہندسہ تک پہنچنے والے واحد بلے باز ٹریوس ہیڈ رہے، جنھوں نے 15 گیندوں پر 17 رن بنائے۔

Published: undefined

زمبابوے کی اس جیت کے ہیرو تیز گیندباز بلیسنگ مزربانی اور بریڈ ایونس رہے۔ بلیسنگ مزربانی نے 4 اوورس میں محض 17 رن دے کر 4 بلے بازوں کو شکار بنایا۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بریڈ ایوانس نے 3.3 اوورس میں 23 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ان دونوں گیندبازوں کے سامنے آسٹریلیائی بلے بازی پوری طرح فلاپ نظر آئے۔ ویلنگٹن مساکادزا اور ریان برل نے 1-1 شکار اپنے نام کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی-20 عالمی کپ کی تاریخ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 2 ہی میچ کھیلے گئے ہیں اور دونوں بار زمبابوے کو فتحیابی ملی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined