
زمبابوے ٹیسٹ کرکٹ، تصویر سوشل میڈیا @ZimCricketv
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا حصہ نہیں ہے۔ ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک میں بھی زمبابوے کی ٹیم کا شمار بڑی ٹیموں میں نہیں ہوتا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بڑے ریکارڈ عموماً ہندوستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسی ٹیمیں ہی بناتی ہیں، لیکن اس بار زمبابوے نے ایسا ریکارڈ قائم کر دیا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار بنا ہے۔ ٹیم نے اپنی دونوں اننگز میں 500 سے زیادہ رنز بنائے۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے نے افغانستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ کیا۔
ٹیسٹ کرکٹ کا باضابطہ آغاز 1877 میں ہوا تھا۔ اس فارمیٹ کو شروع ہوئے اب 149 سال گزر چکے ہیں۔ اتنے طویل عرصے میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی ٹیم نے ایک میچ کی اپنی دونوں اننگز میں 500 سے زیادہ رنز بنائے ہوں۔ اس طرح زمبابوے نے ایک نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے پہلی اننگ میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 504 رنز بنائے۔ اس دوران برینڈن ٹیلر نے 14 چوکے اور 4 چھکے لگاتے ہوئے 131 رنز کی سب سے بڑی اننگ کھیلی۔ کپتان برائن بینیٹ نے 11 چوکوں کی مدد سے 128 رنز بنائے۔
دوسری اننگ میں کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ زمبابوے کی ٹیم اتنا بڑا اسکور کھڑا کر پائے گی۔ 175 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ پہلی اننگ میں سنچری بنانے والے برینڈن ٹیلر (82) اور کپتان برائن بینیٹ (58) پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس وقت لگ رہا تھا کہ ٹیم بمشکل 300 رنز تک پہنچ پائے گی، لیکن پانچویں نمبر پر آنے والے کریگ اِرون نے ڈبل سنچری بنا دی، جبکہ ساتویں نمبر پر آنے والے ویسلے مدھیویرے نے سنچری اسکور کی۔ اِرون نے 23 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 206 رنز بنائے۔ مدھیویرے نے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 100 رنز اسکور کیے۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 225 گیندوں پر 208 رنز کی شراکت داری کی، جس کی بدولت ٹیم کا اسکور 500 کے پار پہنچ گیا۔
قابل ذکر ہے کہ زمبابوے اور افغانستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ میچ میں مجموعی طور پر 3 اننگز کھیلی گئیں اور تینوں میں 500 سے زیادہ رنز بنے۔ زمبابوے نے پہلی اننگز میں 504 رنز بنائے، جس کے جواب میں افغانستان نے اپنی پہلی اننگز میں 514 رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد زمبابوے نے دوسری اننگز میں 523 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہو گیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔