
روہت شرما، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سلامی بلے باز روہت شرما کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز انتہائی مایوس کن رہی۔ اس سیریز نے ایک بار پھر 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت پر سوال کھڑے کر دیے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد روہت شرما بڑی امیدوں کے ساتھ نیوزی لینڈ پہنچے تھے۔ شائقین کو امید تھی کہ روہت شرما نیوزی لینڈ سیریز میں بھی اپنی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے انہیں بھرپور تفریح فراہم کریں گے۔ ونڈے سیریز کے ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے، لیکن روہت اس سیریز میں اپنی اور شائقین کی توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔
5 ونڈے میچوں کی سیریز کی 4 اننگز میں روہت کے بلے سے ایک بھی نصف سنچری نہیں نکلی۔ وہ 4 نومبر کو آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے۔ 7 نومبر کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں روہت نے 23 رنز بنائے تھے۔ 10 نومبر کو ہیملٹن میں کھیلا گیا تیسرا ونڈے بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس میں انہیں بلے بازی کا موقع نہیں ملا۔ 13 نومبر کو ماؤنٹ ماؤنگانئی میں کھیلے گئے چوتھے ونڈے میں روہت ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ اسی مقام پر سیریز کا پانچواں اور آخری ونڈے کھیلا گیا، جس میں وہ محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح 4 اننگز میں روہت شرما 2 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے اور مجموعی طور پر صرف 30 رنز بنا سکے۔ ممکنہ طور پر یہ نیوزی لینڈ کا ان کا آخری دورہ تھا، جو انتہائی مایوس کن رہا۔
قابل ذکر ہے کہ سابق ہندوستانی کپتان کی مایوس کن کارکردگی نے ایک بار پھر 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ورلڈ کپ جنوبی افریقہ میں ہونا ہے، جہاں کے حالات نیوزی لینڈ سے کسی حد تک ملتے جلتے ہیں۔ ایسے میں نیوزی لینڈ میں خراب کارکردگی روہت شرما کی 2027 کا ورلڈ کپ کھیلنے کی امیدوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔