ہندوستانی ٹی-20 ٹیم، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
نیوزی لینڈ دورے کے لیے ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کا پہلا گروپ یہاں پہنچ چکا ہے۔ ٹیم اپنے مصروف شیڈول کا آغاز جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی-20 انٹرنیشنل میچ سے کرے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کیں، جن میں کوچ گوتم گمبھیر، بھونیشور کمار، نتیش کمار ریڈی، ورون چکرورتی، نمن دھیر، ویبھو سوریہ ونشی، فاسٹ بولنگ کوچ مورنی مورکل اور سپورٹ اسٹاف کے اراکین شامل ہیں۔ ان سب کے کرائسٹ چرچ ایئرپورٹ پہنچنے کے ساتھ ہی اس دورے کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں دونوں ٹیمیں یکم دسمبر تک تینوں فارمیٹ میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔
ہندوستان کے اس دورے کے شیڈول میں 5 ٹی-20، 5 ونڈے اور 2 ٹیسٹ میچ شامل ہیں۔ دورے کا آغاز سب سے مختصر فارمیٹ ٹی-20 سے ہوگا۔ اس کے بعد 50 اوور کے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور آخر میں ٹیسٹ میچ ہوں گے۔ ٹی-20 سیریز 22 اکتوبر سے یکم نومبر تک چلے گی، جس کے میچ کرائسٹ چرچ، ویلنگٹن، آکلینڈ اور ہیملٹن میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد 4 سے 15 نومبر تک 5 میچوں کی ونڈے سیریز ہوگی۔ پھر دونوں ٹیمیں ٹیسٹ میچوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 نومبر تک ویلنگٹن میں اور دوسرا ٹیسٹ 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس دورے میں ہندوستان کے سامنے کئی اہداف ہیں۔ ونڈے سیریز آئی سی سی مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کے لیے کافی اہم ہوگی، جبکہ ٹیسٹ میچ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی ہندوستان کی کوششوں کے لحاظ سے بہت اہم ہیں۔ ہندوستان نے تینوں فارمیٹ کے لیے کھلاڑیوں کا ایک بڑا دستہ تیار کیا ہے، جس میں کپتانی کی ذمہ داری شبھمن گل اور شریئس ایئر کے درمیان تقسیم کی گئی ہے۔ گل پہلے 3 ونڈے میچوں اور ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے، جبکہ ایئر ٹی-20 ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے اور آخری 2 ونڈے میچوں میں بھی کپتان ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ٹیم کے انتخاب میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز کمار کشاگرا اور تیز گیند باز یش ٹھاکر کو پہلی بار ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں آخری 2 ونڈے میچوں کے لیے دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ آکاش دیپ اور انشول کمبوج کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ہندوستان کے لیے اس دورے کو اہم اور چیلنجنگ مانا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔