
ایسٹ زون کے کپتان ایشان کشن نے ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ تیز گیند باز محمد شامی کے اندر اب بھی پہلے کی طرح جوش برقرار ہے اور وہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے لیے پُرعزم نظر آتے ہیں۔ دراصل شامی جب دلیپ ٹرافی کا فائنل میچ کھیلیں گے، تو یہ ان کا 100واں فرسٹ کلاس میچ ہوگا۔ اس موقع پر انھیں ٹیم ی جانب سے ایک اسپیشل جرسی بھی دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شامی نے سنٹرل زون کے خلاف سیمی فائنل میں 5 وکٹیں لے کر ایسٹ زون کو 13 سال بعد دلیپ ٹرافی کے فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فائنل میں اس کا مقابلہ اتوار سے ساؤتھ زون سے ہوگا۔ اس فائنل سے قبل ایشان نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے شامی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ اس کھیل کے عظیم کھلاڑی ہیں۔ جب سے انہوں نے بنگال کے لیے کھیلنا شروع کیا ہے، تب سے ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ وہ مسلسل وکٹیں لیتے رہے ہیں۔ وہ اپنا سب کچھ جھونک دیتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ شامی نے ہندوستانی ٹیم کی طرف سے بھی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ عمر تو صرف ایک نمبر ہے۔ اگر وہ سخت محنت کر رہے ہیں تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی۔ میں شامی بھائی کے اندر وہ لگن دیکھتا ہوں۔ وہ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ٹیم میں ان کے ہونے سے ہمیں اعتماد ملتا ہے۔
شامی اس وقت 36 سال کے ہیں اور ان کا کیریئر اختتام کی جانب ہے، لیکن ایشان نے کہا کہ وہ کچھ اضافی اوورز کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شامی بھائی نے وکٹ لینے کے لیے اضافی اوورز مانگے تھے۔ کپتان کے طور پر مجھے ان کا یہ رویہ بہت اچھا لگا۔ اس سے کپتان کا اعتماد بھی بڑھتا ہے۔ ان کے اندر اب بھی ہندوستانی ٹیم کی طرف سے کھیلنے کی لگن ہے۔ وہ ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد شامی نے ہندوستان کی طرف سے اپنا آخری میچ ’چیمپئنز ٹرافی 2025‘ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد وہ چوٹ کے سبب ٹیم سے باہر ہوئے، لیکن فٹ ہونے کے بعد بھی انھیں ٹیم میں واپسی کا موقع نہیں مل پایا ہے۔ حالانکہ کئی کھلاڑی ان کی تعریف کرتے نظر آئے ہیں۔ ساؤتھ زون کے کپتان تلک ورما نے بھی شامی کی جم کر تعریف کی، لیکن ساتھ ہی کہا کہ ان کی ٹیم اس چالاک تیز گیند باز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تلک نے کہا کہ ’’شامی بھائی کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے ایک اچھا چیلنج ہوگا۔ ہم نے گزشتہ میچ میں دیکھا کہ کس طرح انہوں نے بلے بازوں کو پھنسا کر وکٹیں لیں۔ لیکن ہم ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔