کرکٹ

274 گیندیں پھینکنے کے بعد بھی وکٹ کے لیے ترستے رہے جسپریت بمراہ، رفتار میں کمی نے ہندوستانی ٹیم کی مشکلات میں کیا اضافہ

بمراہ کو آخری وکٹ ویلنگٹن ٹیسٹ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں ملی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کرائسٹ چرچ میں انہوں نے 26 اوورز گیند بازی کی اور 49 رنز دیے۔

<div class="paragraphs"><p>جسپریت بمراہ، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

جسپریت بمراہ، تصویر/آئی اے این ایس

 

جسپریت بمراہ جیسے عالمی معیار کے گیند باز کا مسلسل وکٹیں حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہندوستانی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن بھی وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے، اب تک وہ مسلسل 274 گیندیں پھینک چکے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جس پچ پر تیز گیند بازوں کو سیم موومنٹ مل رہی ہے، وہاں بھی جسپریم بمراہ کو کامیابی نہیں مل سکی۔ بمراہ کو آخری وکٹ ویلنگٹن ٹیسٹ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں ملی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کرائسٹ چرچ میں انہوں نے 26 اوورز گیند بازی کی اور 49 رنز دیے۔

میچ کے دوران جسپریت بمراہ کی گیندوں پر بلے باز کئی بار چکمہ کھائے، لیکن وہ کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کے خلاف ان کی ایل بی ڈبلیو کی اپیل تکنیکی وجوہات کی بنا پر مسترد ہو گئی۔ ڈیرل مچل کے خلاف شارٹ گیند پر رشبھ پنت کے پاس کیچ لینے کا موقع تھا، لیکن وہ اسے پکڑ نہیں سکے۔

واضح رہے کہ جسپریت بمراہ کے ٹیسٹ کیریئر میں وکٹوں کے لحاظ سے ان کی اوسط 20.14 ہے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے اعداد و شمار کافی مختلف ہیں۔ کیوی ٹیم کے خلاف 7 ٹیسٹ میچوں میں ان کی اوسط 42.28 رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 4 ٹیسٹ میچوں میں یہ اوسط 33.9 ہے۔ ایسے میں کیوی بلے بازوں کے خلاف انہیں متوقع کامیابی نہ ملنا موضوع بحث بن گیا ہے۔ حالانکہ وکٹ نہ ملنے کا یہ دور ان کے لیے نیا نہیں ہے۔ 2021 میں بھی وہ 4 ٹیسٹ میچوں کے دوران مسلسل 284 گیندیں پھینکنے کے بعد وکٹ حاصل کر پائے تھے۔

کرائسٹ چرچ میں کچھ مواقع پر جسپریت بمراہ کی گیند بازی کی رفتار کم دکھائی دی۔ پہلے دن نئی گیند سے کیے گئے 2 اوورز میں ٹام بلنڈل اور گلین فلپس نے انہیں آسانی سے کھیلا۔ عام طور پر اپنی یارکر اور تیز رفتار گیندوں سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے بمراہ اس بار نچلے آرڈر کے بلے بازوں کے خلاف بھی اتنے مؤثر نظر نہیں آئے۔

ہندوستانی ٹیم کے اسپن گیند بازی کے کوچ سراج بہوتولے نے بمراہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچ کے مطابق اپنی گیند بازی کی رفتار میں تبدیلی کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے دن بمراہ نے 26 بار بلے بازوں کو غلط شاٹ کھیلنے پر مجبور کیا تھا۔ یہ تعداد ہندوستانی گیند بازوں میں آکاش دیپ کے بعد سب سے زیادہ تھی۔ بہوتولے کے مطابق صرف وکٹوں کی تعداد کی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا اندازہ نہیں لگایا جانا چاہیے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔