
ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن میں ونڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے اس میچ میں اپنے ونڈے کیریئر کا ایک بڑا سنگ میل عبور کیا ہے۔ طویل عرصے بعد ونڈے فارمیٹ میں واپسی کرنے والے بمراہ نے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کو آؤٹ کیا۔ بروک کی وکٹ کے ساتھ ہی بمراہ نے اپنے ونڈے کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کر لیں۔
ونڈے فارمیٹ میں 150 وکٹیں لینے والے بمراہ ہندوستان کے دسویں تیز گیند باز اور مجموعی طور پر 16ویں ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے اپنے 90ویں میچ میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ ہیری بروک کی وکٹ کے ساتھ ہی بمراہ انگلینڈ میں سب سے زیادہ ونڈے وکٹیں لینے والے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ انگلینڈ میں بمراہ 31 وکٹیں لے چکے ہیں، جبکہ رویندر جڈیجہ 30 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
بمراہ نے ون ڈے میں 4605ویں گیند پر 150 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ ہندوستان کی طرف سے سب سے تیز ونڈے وکٹیں (گیندوں کے لحاظ سے) لینے کے معاملے میں محمد شامی (4070 گیندیں) اور کلدیپ یادو (4513 گیندیں) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کی طرف سے ونڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں دائیں ہاتھ کے اسپنر انیل کمبلے نے حاصل کی ہیں۔ کمبلے نے 1990 سے 2007 کے درمیان 269 میچوں میں 334 وکٹیں لی تھیں۔ بطور ہندوستانی تیز گیند باز، سب سے زیادہ ونڈے وکٹیں دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جواگل سری ناتھ کے نام ہیں۔ سری ناتھ نے 1991 سے 2003 کے درمیان 229 میچوں میں 315 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی طرف سے ونڈے میں 150 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز انیل کمبلے (334)، جواگل سری ناتھ (315)، اجیت اگرکر (288)، ظہیر خان (269)، ہربھجن سنگھ (265)، کپل دیو (253)، رویندر جڈیجہ (232)، محمد شامی (206)، وینکٹیش پرساد (196)، کلدیپ یادو (194)، عرفان پٹھان (173)، منوج پربھاکر (157)، آر اشون (156)، آشیش نہرا (155) اور سچن تندولکر (154) ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔