کرکٹ

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل ہندوستانی ٹیم کو لگا جھٹکا، انگلی میں چوٹ کے سبب کپتان شبھمن گل ہوئے باہر

احتیاطاً شبھمن گل کو ’ایس ایل سی الیون‘ کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کے پہلے دن آرام دیا گیا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں تجربہ کار بلے باز کے ایل راہل کپتانی کر رہے ہیں۔

شبھمن گل، تصویر آئی اے این ایس
شبھمن گل، تصویر آئی اے این ایس 

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ کپتان شبھمن گل وارم اپ میچ کے پہلے دن میدان میں نہیں اتر سکے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے بتایا کہ جمعرات کو پریکٹس سیشن کے دوران شبھمن گل کے دائیں ہاتھ کی ایک انگلی میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اس لیے احتیاطاً شبھمن گل کو ’ایس ایل سی الیون‘ کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کے پہلے دن آرام دیا گیا ہے۔ یعنی وارم اَپ میچ کے پہلے دن شبھمن گل ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں کے ایل راہل کپتانی کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم شبھمن گل کی حالت پر نظر رکھے ہوئی ہے۔ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ چوٹ کتنی سنگین ہے اور وہ کب تک مکمل طور پر فٹ ہو سکیں گے۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ چوٹ سنگین ہونے کی صورت میں انھیں پہلے ٹیسٹ میں آرام بھی دیا جا سکتا ہے۔

بہرحال، گل کی غیر موجودگی میں تجربہ کار بلے باز کے ایل راہل وارم اَپ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹیسٹ سیریز سے پہلے یہ مقابلہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے بے حد اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ اسی میچ کے ذریعہ ٹیم اپنی آخری تیاریوں کا جائزہ لے گی۔ کولمبو کے نان ڈسکرپٹس کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے اس 3 روزہ وارم اپ میچ میں ایس ایل سی الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ مقابلہ 7 اگست سے 9 اگست تک کھیلا جائے گا۔

اس وارم اَپ میچ میں ایس ایل سی الیون کی ابتدا نہایت شاندار ہوئی ہے۔ 20 اوور تک اس ٹیم کا ایک بھی وکٹ نہیں گرا ہے اور بورڈ پر 107 رن درج ہو چکے ہیں۔ محمد سراج کو چھوڑ کر ہندوستانی گیندباز اب تک پوری طرح سے بے اثر دکھائی دیے ہیں۔ محمد سراج نے 5 اوورس میں 14 رن دیے ہیں، جبکہ پرسدھ کرشنا نے 5 اوورس میں 27 رن، رویندر جڈیجہ نے 5 اوورس میں 29 رن، گرنور برار 4 اوورس میں 25 رن دیے ہیں۔ بلے بازوں کی بات کی جائے تو نشان فرنانڈو 65 رن بنا کر اور رویندر رشنتھا 36 رن بنا کر میدان پر موجود ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔