
ہندوستانی ٹیم، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 246 رن بنا لیے ہیں۔ یہ میچ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میدان پر کھیلا جا رہا ہے، جس میں ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گرنور برار نے اس ٹیسٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے اور ڈیوون کونوے کو ریڈ بال کیریئر کا اپنا پہلا شکار بنایا۔ ٹاس ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ کو بلے بازی میں اچھی شروعات ملی، کیونکہ ٹام لیتھم اور ڈیوون کونوے نے پہلی وکٹ کے لیے 77 رن جوڑ دیے تھے۔
ایک وقت نیوزی لینڈ بہت مضبوط پوزیشن میں تھی اور 110 رن کے اسکور تک اس نے صرف ایک وکٹ گنوائی تھی۔ لیکن 110 رن کے اسکور پر ہی کیوی ٹیم نے دوسری، تیسری اور چوتھی وکٹ گنوا دی۔ پہلے آکاش دیپ نے ٹام لیتھم کو 59 رن کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد انشول کمبوج نے اپنا کمال دکھایا اور اچھی بلے بازی کر رہے ہنری نکولس کو پویلین بھیج دیا۔ رچن رویندر نے 9 گیندوں کا سامنا کیا، لیکن اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ انہیں بھی آکاش دیپ نے اپنا شکار بنایا۔
پہلے دن صرف دوسرا سیشن ہندوستانی ٹیم کے نام رہا، جس میں ہندوستانی ٹیم نے 24 اوورز گیند بازی کرتے ہوئے صرف 54 رن دیے اور 3 وکٹ حاصل کیے۔ پہلے 2 سیشن کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کافی پیچھے ہو گئی تھی۔ ابتدائی 2 سیشن میں 50 اوور کھیلنے کے بعد کیوی ٹیم صرف 131 رن بنا سکی تھی اور اس کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔ تیسرے سیشن میں نیوزی لینڈ نے تیزی سے اسکور آگے بڑھایا اور 35 اوورز میں 115 رن جوڑے، اور اس دوران اس کی صرف ایک وکٹ گری۔ ٹام بلنڈل اور گلین فلپس کے درمیان 62 رن کی شراکت داری نے کیوی ٹیم کو اس مقابلے میں دوبارہ مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
گیند بازی میں ہندوستان کی جانب سے اب تک آکاش دیپ نے سب سے زیادہ 2 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ان کے علاوہ انشول کمبوج، واشنگٹن سندر اور گرنور برار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلے دن ہندوستانی گیند بازی کے حملے کی قیادت کرنے والے جسپریت بمراہ کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔