کرکٹ

15 سالہ ویبھو کی آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ میں دھماکہ خیز انٹری، وَنڈے میں شبھمن گل کا پہلے مقام پر قبضہ

زمبابوے کے خلاف 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز میں ویبھو نے 2 نصف سنچریاں اسکور کیں اور مجموعی طور پر 151 رنز بنائے۔ ان کی اوسط 50.33 رہی اور ہندوستان نے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔

<div class="paragraphs"><p>ویبھو سوریہ ونشی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

ویبھو سوریہ ونشی، تصویر ’ایکس‘ @ICC

 

ہندوستانی کرکٹ کے نئے ستارہ ویبھو سوریہ ونشی محض 15 برس کی عمر میں مسلسل بڑے اسٹیج پر اپنی چھاپ چھوڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ زمبابوے کے دورے پر بلے سے شاندار کارکردگی کا صلہ اب انھیں آئی سی سی رینکنگ میں بھی ملا ہے۔ ٹی-20 انٹرنیشنل بلے بازوں کی تازہ رینکنگ میں ویبھو نے 230 درجات کی زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے براہ راست 48ویں مقام پر دھماکہ خیز انٹری کی ہے۔ اتنی بڑی چھلانگ اس بات کا اشارہ ہے کہ اب دنیا اس نوجوان بلے باز کو سنجیدگی سے لینے کو مجبور ہوگی۔

زمبابوے کے خلاف 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز میں ویبھو نے 2 نصف سنچریاں اسکور کیں اور مجموعی طور پر 151 رنز بنائے۔ ان کی اوسط 50.33 رہی اور ہندوستان نے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔ اس شاندار کارکردگی کا اثر آئی سی سی رینکنگ میں بھی نظر آیا، جہاں ان کے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ کر 536 ہو گئے۔ ویبھو ابھی ہندوستانی بلے بازوں میں سرفہرست نہیں ہیں، لیکن ان کا سفر انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔

ٹی-20 انٹرنیشنل بلے بازوں کی رینکنگ میں ہندوستان کے ایشان کشن اب بھی 910 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ تلک ورما 2 درجات کی ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ کپتان شریئس ایئر 7 درجات کی چھلانگ لگا کر 24ویں مقام پر آ گئے ہیں۔ اگر گیند بازوں کی بات کریں تو لیگ اسپنر روی بشنوئی نے 31 درجات کی چھلانگ لگا کر 41واں مقام حاصل کیا ہے۔ دوسری جانب انجری کے باعث زمبابوے کے دورے سے باہر رہنے والے ورون چکرورتی 3 درجات نیچے کھسک گئے، تاہم وہ اب بھی ٹاپ 10 میں برقرار ہیں۔

وَنڈے کرکٹ میں بھی ہندوستان کے لیے بڑی خوشخبری آئی ہے۔ کپتان شبھمن گل نے 801 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی سی سی ونڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ مچل اس سال جنوری سے سرفہرست تھے۔ اس رینکنگ میں وراٹ کوہلی 767 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر اور روہت شرما 758 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر قابض ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔