صنعت و حرفت

یس بینک کے کھاتہ برداروں کی ایک ایک پائی واپس کی جائے: کانگریس

اہم اپوزیشن جماعت کانگریس نے یس بینک معاملہ کی تفصیلی جانچ کرا کر ذمہ داری طے کرنے کی مانگ کی اور کہا کہ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ اکاونٹ ہولڈروں کو انکی ایک ایک پائی واپس ملے

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا 

نئی دہلی: اہم اپوزیشن جماعت کانگریس نے یس بینک معاملہ کی تفصیلی جانچ کراکر ذمہ داری طے کرنے کی مانگ کی اور کہا کہ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ اکاونٹ ہولڈروں کو انکی ایک ایک پائی واپس ملے۔

سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مارچ 2014 میں یس بینک کا مجموعی بقایہ قرض 55633 کروڑ روپے تھا جو مودی حکومت کی پہلی مدت کار مارچ 2019 تک بڑھ کر 241499 کروڑ روپے پر پہنچ گیا۔ اس دوران دیگر بینکوں کا بقایہ قرض اوسط 9 فیصد کی سالانہ رفتار سے بڑھ رہا تھا جبکہ یس بینک کا بقایہ قرض 35 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھا۔

Published: undefined

انہوں نے کہاکہ بینکوں کی بیلنس شیٹ کی تفصیلات ریزرو بینک آف انڈیا اور وزارت خزانہ کے پاس بھی جاتی ہے۔ یہ حیرت کی بات ہے کہ اس کے باوجود نہ تو حکومت نے اور نہ ہی ریزرو بینک نے اس بات پر توجہ دی کہ یس بینک کا بقایہ قرض غیرمعمولی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔ یہ میری سمجھ سے پرے ہے۔

چدمبرم نے مانگ کی کہ اس پورے معاملہ کی جانچ کرکے جوابدہی طے کی جانی چاہئے اور قصورواروں پر کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ محض بینک انتظامیہ کی مالیاتی ناکامی کا معاملہ ہے تو الگ طریقہ سے کارروائی ہونی چاہئے لیکن اگر اس میں کوئی مجرمانہ سازش ہے تو کارروائی بھی اسی کے مطابق ہونی چاہئے۔

Published: undefined

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ اکاونٹ ہولڈروں کو ان کا پورا پیسہ واپس ملے۔ کانگریس کی حکومت کے وقت میں جب بینکوں کا انضمام ہوا تھا اس وقت ہر اکاونٹ ہولڈر کو اس کی ایک ایک پائی واپس ملی تھی۔ سابق وزیر خزانہ نے اعتراف کیا کہ یس بینک کے موجودہ بقایہ قرض میں کچھ ایسے قرض بھی ہوسکتے ہیں جو کانگریس کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد کے دوراقتدار میں دیئے گئے ہونگے لیکن ان میں سے بیشتر مودی حکومت کی مدت کار میں دیئے گئے ہیں۔

Published: undefined

یس بینک کی تنظیم نو کے تحت ا سکی 49فیصد حصہ داری ریزرو بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کو دینے کی تجویز کے بارے میں چدمبرم نے شبہ ظاہر کیا کہ ایس بی آئی پر دباو ڈال کر یہ کام کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ یہ ہے کہ ایس بی آئی یس بینک میں 2,450کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا اور اس کے بدلہ پرائیویٹ بینک کی 49فیصد حصہ داری اسے ملے گی۔ یہ کافی اٹ پٹا منصوبہ ہے۔

آپ کم از کم دس روپے کی شرح سے یہ شیئر خرید رہے ہیں جبکہ یس بینک کانیٹ ورتھ تقریباََ صفر ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایس بی آئی نے خود یس بینک کو بچانے کی تجویز رکھی ہوگی، ٹھیک اسی طرح جس طرح آئی ڈی بی آئی بینک کوبچانے کیلئے ایل آئی سی (لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا) اپنی مرضی سے سامنے نہیں آیا تھا۔

Published: undefined

اعدا دو شمار شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مارچ 2014میں یس بینک کا بقایہ قرض 55,633کروڑ روپے تھا۔ مارچ 2015میں یہ 75,550کروڑ روپے، مارچ 2016میں 98,210کروڑ روپے، مارچ 2017میں 1,32,263کروڑ روپے، مارچ 2018میں 2,03,534کروڑ روپے اور مارچ 2019میں 2,41,499کروڑ روپے پر پہنچ گیا۔

سابق وزیر خزانہ نے الزام لگایا کہ صرف یس بینک ہی نہیں موجودہ حکومت کی حکمرانی میں تمام مالیاتی ادار ے بدنظمی کا شکار ہیں۔ مالی سال 2013-14 سے اب تک بینکوں کو 778000 کروڑ روپے قرض کھاتہ میں ڈالنے پڑے ہیں۔ صرف 2018-19 میں ہی 1.83 لاکھ کروڑ روپے کو ڈوبی ہوئی رقم کے زمرہ میں ڈالا گیا۔

Published: undefined

دسمبر 2019 میں بینکوں کا مجموعی غیر کارآمد اثاثہ (این پی اے) بڑھ کر 9,10,800 کروڑ روپے پر پہنچ گیا۔ 31مارچ 2020 تک چھوٹی اور درمیانہ صنعتوں کے بقایہ قرض کو این پی اے میں دکھانے پر روک ہے۔ جب یہ روک ختم ہوگی تو مجموعی این پی اے مزید بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مدرا یوجنا کے تحت پہلے ساڑھے چار برس میں ہی دو لاکھ کروڑ روپے ڈوبی ہوئی رقم کے زمرہ میں ڈالے گئے ہیں جبکہ 17ہزار کروڑ روپے کا قرض این پی اے ہوچکا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined