بالی ووڈ

ٹائیگر شراف پر فائرنگ: ’جیل میں بند شخص حملے کی منصوبہ بندی کیسے کر سکتا ہے؟‘ سپریہ سولے نے اٹھائے سوال

سپریہ سولے نے ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں سوال اٹھایا ہے کہ جیل میں بند لارنس بشنوئی کے نام سے حملے کی ذمہ داری کیسے لی گئی۔ انہوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>سپریہ سولے / آئی اے این ایس</p></div>

سپریہ سولے / آئی اے این ایس

 

ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے سوال اٹھایا ہے کہ جیل میں بند کوئی شخص حملے کی منصوبہ بندی کیسے کر سکتا ہے اور پھر سوشل میڈیا پر اس کی ذمہ داری بھی لے سکتا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فائرنگ کی ذمہ داری جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔

سپریہ سولے نے جمعرات کو کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ خبروں کے مطابق لارنس بشنوئی جیل میں بند ہے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر اس کے نام سے حملے کی ذمہ داری لینے کی پوسٹ سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ جیل میں بیٹھا کوئی شخص اس طرح کی سرگرمیوں میں کیسے ملوث ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’یہ بہت حیران کن ہے کہ جیل میں بند کوئی شخص خود پوسٹ کرکے کہتا ہے کہ وہ اس واقعے کی ذمہ داری لیتا ہے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے۔ جس طرح لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ہم اس بات کی تحقیقات کا مطالبہ کریں گے کہ جیل میں بند کوئی شخص یہ سب کیسے کر سکتا ہے۔‘‘

دریں اثنا، ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کو اس معاملے میں چار مزید ملزمین، دو خواتین رادھا اور ببیتا اور کنال و سمیت کو ٹرانزٹ ریمانڈ کے لیے قلعہ کورٹ میں پیش کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ملزمین نے حملے سے پہلے ممبئی کے قریب ایک مقام پر فائرنگ کی مشق کی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اندھیری کے ایک ہوٹل میں اپنے کمرے کے اندر ہتھیار کی جانچ کے دوران ایک گولی غلطی سے بھی چل گئی تھی۔

خبروں کے مطابق، ملزمین کا اصل نشانہ بالی ووڈ کی کوئی دوسری مشہور شخصیت تھی۔ تاہم، جب وہ اپنے طے شدہ ہدف تک آسانی سے نہیں پہنچ سکے تو انہوں نے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اداکار کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ریلز سے ملزمین کو معلوم ہوا کہ اس وقت ٹائیگر کے ساتھ پولیس کی حفاظت موجود نہیں تھی۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حملے کا مقصد فلمی صنعت میں خوف پھیلانا تھا۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر کی شام ممبئی کے جوہو علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے ٹائیگر شراف کو نشانہ بناتے ہوئے گولیاں چلائی تھیں۔ اداکار اس حملے میں محفوظ رہے، تاہم ان کا ڈرائیور زخمی ہو گیا تھا۔

واقعے کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی، جس میں لارنس بشنوئی گینگ کے انل پنڈت ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے فائرنگ کی ذمہ داری لی۔ اس نے اسے اداکار کے لیے انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کرنا بند کر دیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے راجستھان کے کوٹا ریلوے اسٹیشن سے تین ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔