
معروف گلوکارہ سمن کلیان پور
ہندوستانی موسیقی کی دنیا نے اپنی ایک اور نایاب آواز کھو دی ہے۔ مایہ ناز پلے بیک سنگر سمن کلیان پور کا اتوار (31 مئی) کو 89 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ اپنی سریلی اور پرکشش گلوکاری سے کئی نسلوں کو سحر زدہ کرنے والی سمن کلیان پور کے انتقال کی خبر سے دنیائے موسیقی، فلم انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے رخصت ہونے کے ساتھ ہی ہندوستانی فلمی موسیقی کے ایک سنہرے دور کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہو گئی ہیں۔
Published: undefined
سمن کلیان پور نے 6 دہائیوں سے زیادہ طویل کیریئر میں ہندی اور مراٹھی موسیقی کو کئی یادگار گیت دیے۔ ’آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے‘، ’نا نا کرتے پیار تمہیں سے‘، ’تم نے پکارا اور ہم چلے آئے‘، ’نا تم ہمیں جانو‘، ’پربتوں کے پیڑوں پر‘ اور ’شرابی شرابی یہ ساون کا موسم‘ جیسے گیت آج بھی موسیقی کے شائقین کی پسند بنے ہوئے ہیں۔ مراٹھی موسیقی میں بھی ان کی خدمات انتہائی اہم رہیں۔ ’کیتکیچیا بانی تتھے‘، ’سانگ کڑھی کلنار تلا‘، ’نمبونیا چیا جھاڑ ماگھے‘ اور ’نمبونی چیا جھاڑا ماگے‘ جیسے گیتوں نے انہیں گھر گھر پہنچایا۔ محمد رفیع کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی سننے والوں نے خوب پسند کیا۔ اپنے پورے کیریئر میں انہوں نے 800 سے زائد گیتوں کو اپنی آواز دی اور ہندوستانی پلے بیک سنگنگ میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔
Published: undefined
سمن کلیان پور کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی او صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’معروف گلوکارہ سمن کلیان پور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔ ان کی سریلی آواز اور دل کو چھو لینے والی گلوکاری نے ہماری ثقافتی دنیا کو مالا مال کیا۔ اپنے نغموں کے ذریعے انہوں نے موسیقی کے شائقین اور ہندوستانی سنیما کے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اوم شانتی۔‘‘
Published: undefined
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ ہندوستانی موسیقی کو مالامال کرنے والی سمن کلیان پور کا انتقال ہندوستانی فن کی دنیا کے لیے ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ انہوں نے ہندی اور مراٹھی کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ہندوستانی زبانوں میں اپنی سحر انگیز گلوکاری سے لوگوں کو مسحور کیا۔ کلاسیکی دھنوں سے لے کر مقبول گیتوں تک ان کی خدمات کا دائرہ انتہائی وسیع اور بااثر ہے۔ انہیں پدم بھوشن سمیت کئی باوقار اعزازات سے نوازا گیا۔ میں ان کے اہل خانہ اور لاتعداد مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ 28 جنوری 1937 کو غیر منقسم ہندوستان کے ڈھاکہ میں پیدا ہونے والی سمن کلیان پور ہندی اور مراٹھی سنیما کی مقبول ترین پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتی تھیں۔ ان کا فلمی سفر ’شکرچی چاندنی‘ اور ’منگو‘ (1954) جیسی فلموں سے شروع ہوا تھا۔ فلمی گیتوں کے علاوہ انہوں نے بھجن، غزل، مراٹھی ابھنگ اور بھاو گیت بھی گائے، جو ان کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
Published: undefined
مبئی کے سینٹ کولمبس اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد سمن کلیان پور نے ابتدائی طور پر پینٹنگ کی پڑھائی کے لیے سر جے جے اسکول آف آرٹ میں داخلہ لیا تھا۔ حالانکہ بعد میں موسیقی ہی ان کی زندگی بن گئی۔ انہوں نے پنڈت کیشوراؤ بھولے، استاد خان عبد الرحمٰن خان اور استاد نورنگ جیسے اساتذہ سے تربیت حاصل کی، جس نے ان کے شاندار موسیقی کے کیریئر کی بنیاد رکھی۔ سمن کلیان پور کی آواز لتا منگیشکر سے اتنی ملتی جلتی مانی جاتی تھی کہ سننے والے اکثر دونوں کے درمیان فرق نہیں کر پاتے تھے۔ 1958 میں انہوں نے تاجر رامانند کلیان پور سے شادی کی تھی۔ ان کے خاندان میں ان کی بیٹی چارو اگنی ہیں۔ وہ اپنے پیچھے ہندوستانی موسیقی کی ایک ایسی وراثت چھوڑ گئی ہیں جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined