عرب ممالک

سعودی عرب میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، مکہ سمیت کئی علاقوں میں ریڈ الرٹ

سعودی عرب کے مکہ مکرمہ، عسیر، جازان، الباحہ اور مدینہ منورہ سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک اور اچانک سیلاب کے خدشے پر ریڈ، اورنج اور یلو الرٹ جاری کیے گئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ سعودی گزٹ</p></div>

تصویر بشکریہ سعودی گزٹ

 

جدہ: سعودی عرب کے کئی علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان اور اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کے مطابق مکہ مکرمہ اور عسیر سمیت متعدد علاقوں میں موسمی صورتحال خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔

این سی ایم کی جانب سے مکہ مکرمہ ریجن کے میسان اور اس کے گردونواح کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ عسیر ریجن میں بھی المجاردہ، رجال المع اور ملحقہ علاقوں کے لیے ریڈ وارننگ نافذ کی گئی ہے۔ حکام نے ان علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ گرج چمک، تیز ہواؤں اور اچانک سیلاب کے امکانات سے خبردار کیا ہے۔

جازان کے ابو عریش، احد المسارحہ اور آس پاس کے علاقوں کے لیے درمیانی درجے کی بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا، جبکہ عسیر کے ابہا اور ملحقہ علاقوں میں دھند کے باعث بھی اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جازان کے الدرب، عسیر کے البرک اور مکہ مکرمہ ریجن کے مقدس دارالحکومت کے لیے ہلکی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کی روزانہ پیش گوئی کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کے گرج چمک والے طوفان متوقع ہیں۔ ان کے ساتھ ژالہ باری، تیز ہوائیں اور اچانک سیلاب آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

راجدھانی ریاض میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ گرد و غبار کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور اڑتی ہوئی گرد کا امکان ہے۔ جدہ میں گرج والے بادل، تیز ہوائیں اور گرد و غبار متوقع ہیں، جبکہ دمام میں دھند اور جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کی توقع ہے۔

ابہا اور الباحہ میں درمیانے سے شدید گرج چمک والے طوفان اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ تبوک میں موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بریدہ میں جزوی ابر آلود موسم اور گرد و غبار، حائل میں گرج والے بادل اور تیز ہوائیں، جبکہ جازان میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور گرد و غبار کی توقع ہے۔

نجران میں بارش برسانے والے گرج چمک والے بادل، تیز ہواؤں اور گرد و غبار کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ درجہ حرارت کے اعتبار سے دمام میں سب سے زیادہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ریاض، مدینہ منورہ اور بریدہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ مکہ مکرمہ میں 42، جدہ میں 38، الباحہ میں 31 اور ابہا میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔