عرب ممالک

سعودی عرب نے عمرہ پرمٹ کے قوانین میں تبدیلی کی

سعودی عرب نے اب ہر عمرہ کے سفر سے پہلے نسوک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ سروس پرووائیڈر سے نیا عمرہ پیکج بک کرنا لازمی قرار کر دیا ہے، اور نسوک ایپ کے ذریعے نیا اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

 

عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے کا ارادہ کر رہے ہیں یا سال میں ایک سے زیادہ بار عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو آپ کو رجسٹرد کرانا ہوگا۔ سعودی عرب نے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کے حوالے سے کچھ اصول واضح کر دیے ہیں۔ ایک سال کا درست ویزا دوبارہ عمرہ کے سفر کے لیے کافی نہیں ہوگا۔ عمرہ زائرین  کو ہر سفر سے پہلے کچھ ضروری طریقہ کار کو مکمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔

گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے نیا قاعدہ جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق تمام عمرہ زائرین کو نسوک (Nusuk ) پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ سروس پرووائیڈر سے عمرہ پیکج بک کرنا ہوگا۔ یہ پیکج آپ کے سفر کی تاریخوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ نسوک ایپ کے ذریعے عمرہ کا نیا پرمٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔ سعودی عرب جانے سے پہلے یہ اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ اجازت نامے کی تاریخیں آپ کے بک کردہ سروس پیکج کی تاریخوں سے مماثل ہونی چاہئیں۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف ایک درست عمرہ ویزا آپ کو دوبارہ عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ہر سفر سے پہلے ایک نیا سروس پیکج اور اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔

یہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری ہونے کی تاریخ سے 365 دنوں کے لیے کارآمد ہوگا۔ اس مدت کے دوران، مسافر متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں، لیکن ہر سفر سے پہلے سروس پیکج اور اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ جب کہ ویزا ایک سال کے لیے ہوگالیکن  سعودی عرب میں قیام کی کل مدت، بشمول تمام دوروں، 90 دن سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

پہلی بار آنے والے مسافروں کو سب سے پہلے نسوک پلیٹ فارم پر ایک مجاز سروس پیکج خریدنا چاہیے۔ اس کے بعد اس ویزا کے لیے درخواست دی جائے گی اور ضروری معائنہ اور دیگر رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ مزید برآں، سعودی عرب کے تمام سفری اور داخلے کے ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہے۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس انتظام سے عازمین حج کے لیے رہائش، سفر اور دیگر خدمات کا بہتر انتظام ہو سکے گا۔ اس لیے، اگر آپ سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو ہر سفر سے پہلے ایک نیا سروس پیکج اور عمرہ کا اجازت نامہ ضرور حاصل کریں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔