عرب ممالک

عازمینِ حج کا مکہ مکرمہ میں خیرمقدم، کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے سخت احتیاطی اقدامات

عازمین کا خودکار طریقے سے انتخاب کیا گیا، انہیں مناسکِ حج کے آغاز سے قبل مکہ مکرمہ میں مخصوص ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ البتہ شہر کے قرب وجوار میں رہنے والے منتخب عازمین کو ہوٹل میں قیام کی ضرورت نہیں

تصویر ٹوئٹر @arabnews
تصویر ٹوئٹر @arabnews 

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں اس مرتبہ فریضۂ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سعودی حکام نے ان کے پہلے گروپ کا مکہ مکرمہ میں خیرمقدم کیا ہے۔ ان عازمین کا ایک خودکار طریقے سے انتخاب کیا گیا ہے۔ انھیں مناسکِ حج کے آغاز سے قبل مکہ مکرمہ میں ایک مخصوص ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ البتہ شہر کے قرب وجوار میں رہنے والے منتخب عازمین کو ہوٹل میں قیام کی ضرورت نہیں۔

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST

سعودی حکومت نے اس مرتبہ کرونا وائرس کی وَبا کی وجہ سے صرف مملکت میں مقیم شہریوں اور مکینوں ہی کو حج کی اجازت دی ہے۔ سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کا کہنا ہے کہ ان کا انتخاب اٹکل پچو خودکار طریقے سے کیا گیا ہے اور اس عمل میں کوئی انسانی کردار کار فرما نہیں تھا۔ انھوں نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ جو لوگ اس سال حج ادا کریں گے، اللہ تعالیٰ نے ان کا لاکھوں، کروڑوں لوگوں میں سے انتخاب کیا ہے۔ یہ کوئی انسانی انتخاب نہیں تھا بلکہ یہ ایک خدائی انتخاب ہے اور محدود تعداد میں عازمین فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔‘‘

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST

سعودی عرب کے دور دراز شہروں میں رہنے والے منتخب عازمین کو طیارے کے ذریعے پہلے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منتقل کیا گیا ہے، وہاں ان کی مکمل اسکریننگ کی گئی اور اس کے بعد انھیں بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ میں لایا گیا ہے۔ وہ اپنے ہوٹل میں 29 جولائی کو مناسک حج کے آغاز سے قبل تک الگ تھلگ رہیں گے۔ عازمین وہاں قیام کے دوران میں ہر وقت اپنے چہروں پر ماسک پہن کر رکھیں گے۔ ہوٹل میں داخلے پر ان کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیا گیا ہے۔ تمام عازمین اس ہوٹل کے نزدیک ایک مخصوص جگہ جمع ہوں گے اور پھر انھیں وہاں سے مناسک حج کے لیے دوسرے مقامات منیٰ، عرفات اور جمرات لے جایا جائے گا۔

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST

تصویر ٹوئٹر @arabnews

وزارتِ حج و عمرہ نے عازمین کی صحت کے تحفظ کے لیے اس ہوٹل میں سخت احتیاطی تدابیر کا نفاذ کیا ہے۔ ہر ایک عازم کو الگ الگ کمرا دیا گیا ہے۔ ہاتھوں کی صفائی کے لیے الگ سینیٹائزر مہیا کیے گئے ہیں اور سماجی فاصلے کے ضابطے کی سختی سے پاسداری کی جا رہی ہے۔ سعودی حکام نے تمام عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل اپنے ہی گھروں میں سات روز تک الگ تھلگ رہنے کی ہدایت کی تھی۔ البتہ ایسے عازمین جو ماضی قریب میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے لیکن اب صحت یاب ہوچکے ہیں، انھیں قرنطینہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ حج سے چند روز بل مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST

تصویر ٹوئٹر @arabnews

واضح رہے کہ ان منتخب عازمین حج کی عمریں 20 اور 50 سال کے درمیان ہیں۔ ان کے انتخاب کے عمل میں ان غیر سعودیوں کو ترجیح دی گئی ہے جو پہلے سے کسی عارضے میں مبتلا تھے اور نہ انھوں نے ماضی میں حج کیا تھا۔ ان کی تعداد 70 فی صد ہے۔

عازمین میں 30 فی صد سعودی شہری ہیں۔ ان میں محکمہ صحت کے ان ورکروں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ترجیح دی گئی ہے جو کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں خود بھی اس مہلک وَبا کا شکار ہوگئے تھے مگر بعد میں صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سرکاری طور پر حج کے لیے ان کے انتخاب کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف اور انھیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Jul 2020, 8:24 AM IST